جے یو آئی (ف) کی مخصوص نشست پر نامعلوم خاتون کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری۔
الیکشن کمیشن نے صدف احسان نامی خاتون کی کامیابی کا نوٹیفکیشن خیبرپختونخوا سے قومی اسمبلی کی مخصوص نشست کے لیے جاری کیا۔
اسلام آباد(نمائندہ جاوید اقبال)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق الیکشن کمیشن نے جمعیت علماء اسلام (ف) کے کوٹے پر نامعلوم خاتون کی مخصوص نشست پرکامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔الیکشن کمیشن نے صدف احسان نامی خاتون کی کامیابی کا نوٹیفکیشن خیبرپختونخوا سے قومی اسمبلی کی مخصوص نشست کے لیے جاری کیا جس کا نمبر ایف 6 آف 2024 ہے۔دوسری جانب جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نےنوٹیفکیشن منسوخ کرکے تحقیقات کرنےکی درخواست دی ہے۔مولانا فضل الرحمان کی درخواست میں کہا گیا ہےکہ صدف احسان نہ پارٹی رکن ہیں اور نہ یہ نام ہماری فہرست میں ہے، صدف احسان کا نوٹیفکیشن منسوخ کرکے حنا بی بی کا نوٹیفیکیشن جاری کیا جائے۔درخواست میں استدعا کی گئی ہےکہ نوٹیفکیشن غلطی سے جاری ہوا یا ملی بھگت ہے اجنبی خاتون کے نوٹیفکیشن کی تحقیقات کرائی جائیں۔
