BBC Urdu TV

جیل کے اطراف سکیورٹی ہائی الرٹ، سرچ آپریشن کے دوران کنٹینرز لگا کر ناکے قائم کر دیے گئے

راولپنڈی (طلحہ راجہ ) جیل کے اطراف سکیورٹی ہائی الرٹ، سرچ آپریشن کے دوران کنٹینرز لگا کر ناکے قائم کر دیے گئے

علیمہ خان اور ایڈووکیٹ جنرل کے پی کے سمیت کئی افراد کو روکا گیا، فیملی ملاقاتوں کا دن ہونے کے باوجود سخت کارروائی
راولپنڈی (نیوز لائن) اڈیالہ جیل کے اطراف سکیورٹی انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں، جہاں سرچ آپریشن کے پیش نظر کنٹینرز لگا کر اضافی ناکے قائم کیے گئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جب تک کارروائی مکمل نہیں ہوتی، کوئی بھی جیل کی طرف نہیں جا سکتا۔
نیوز لائن کےمطابق، سرچ آپریشن کے دوران اڈیالہ جیل جانے والے راستوں پر سخت نگرانی کی جا رہی ہے۔ گاڑیوں کو جامہ تلاشی کے بعد ہی آگے جانے کی اجازت دی جا رہی ہے۔ اسی تناظر میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان کی گاڑی کو جیل سے 2 کلومیٹر دور روک لیا گیا۔ علیمہ خان نے پولیس کو عمران خان سے ملاقات کے عدالتی احکامات دکھائے، لیکن انہیں آگے جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔
اسی دوران ایڈووکیٹ جنرل کے پی کے شاہ فیصل کو بھی اڈیالہ روڈ پر ناکے پر روک لیا گیا۔ پولیس اہلکاروں نے ان کی گاڑی کو آگے جانے سے روک دیا۔
واضح رہے کہ آج اڈیالہ جیل میں فیملی ملاقاتوں کا دن تھا۔ اس حوالے سے عمران خان سے ملاقات کے لیے ان کے بھائی قاسم خان، بہن عظمیٰ خان اور سابقہ رکن اسمبلی نورین نیازی جیل روانہ ہو گئے تھے۔ تاہم، سکیورٹی آپریشن کے باعث ملاقاتوں میں رکاوٹیں پیدا ہو رہی ہیں۔
پولیس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ سرچ آپریشن کی وجہ سے عارضی طور پر سکیورٹی انتظامات سخت کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جیسے ہی آپریشن مکمل ہوگا، معمول کے سکیورٹی انتظامات بحال کر دیے جائیں گے۔
پی ٹی آئی کے حامیوں اور عمران خان کے خاندان کے اراکین نے سکیورٹی انتظامات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات غیر ضروری ہیں اور انہیں عمران خان سے ملاقات کے حق میں رکاوٹ سمجھا جا رہا ہے۔

Exit mobile version