
جہلم SHO تھانہ دینہ اور پولیس ٹیم کی بڑی کارروائی، جعلی کرنسی استعمال کرنے والا حاجی گینگ بے نقاب، دو ملزمان گرفتار
جہلم (عبدالرحمن قادری )دینہ پولیس نے ایس ایچ او تھانہ دینہ کی سربراہی میں اہم کارروائی کرتے ہوئے جعلی کرنسی کے ذریعے شہریوں کو لوٹنے والے حاجی گینگ کے دو سرگرم ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 02 ہزار سعودی ریال، 75 ہزار پاکستانی روپے پر مشتمل جعلی کرنسی اور ناجائز اسلحہ پستول 30 بور معہ ایمونیشن برآمد کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملزمان جی ٹی روڈ کے قریب دکانوں اور ریڑی لگانے والوں کو جعلی کرنسی دے کر بقایا رقم حاصل کرتے اور موقع سے فرار ہو جاتے تھے۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے جہلم، گجرات اور منڈی بہاؤالدین میں بھی وارداتیں کرنے کا انکشاف کیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے، جس کے دوران اہم انکشافات کی توقع ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد اکٹھے کر کے انہیں چالان عدالت کیا جائے گا تاکہ انہیں قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا کہ شہریوں کو ان کے قیمتی اثاثوں سے محروم کرنے والے ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ایسے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔