جہلم : کیپٹن معظم فاؤنڈیشن کہ زیر سایہ طلبہ اور طالبات کے لیے ملٹی سکلز ہب سینٹر کا قیام
ضلع جہلم میں مرکزی جنرل سیکرٹری پنجاب ٹیچر یونین پنجاب چوہدری وحید حیدر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ فلاحی ادارے کا کالا گجراں میں افتتاح کر دیا
کیپٹن معظم علی شہید کے نام سے قائم ٹرسٹ نے کالا گوجراں میں معظم علی شہید ہسپتال جیسا ادارہ قائم کرکے انسانیت کی خدمت کی اعلی مثال قائم کی ہے۔ اپنی خدمات کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے اس فلاحی ادارے نے علاقے کے لڑکے اور لڑکیوں کو باعزت روزگار کے حصول کے قابل بنانے اور جدید دور کے ہنر سکھانے کے لئے ” معظم فاؤنڈیشن ملٹی سکلز ہب سنٹر ” ( multi skills hub center ) کے نام سے اک ادارے کی داغ بیل ڈالی ہے۔ جس میں جدید دور کے تقاضوں کے مطابق نوجوانوں کو مہارتیں سکھا کر معاشرے کا مفید شہری بننے کے قابل بنایا جائے گا۔
اس ادارے کی اک تعارفی تقریب میں پنجاب ٹیچرز یونین ضلع جہلم کے قائدین کو بطور مہمانان خصوصی مدعو کیا گیا۔ تقریب میں آمد پر انتظامیہ نے قائدین کا پرتپاک استقبال کیا۔ سب سے پہلے پروجیکٹر پر ادارے کی نمایاں خصوصیات سے شرکا کو آگاہ کیا گیا۔ بعد ازاں پنجاب ٹیچرز یونین پنجاب کے جنرل سیکریٹری چودھری وحید حیدر کو دعوت خطاب دی گئی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں رسمی تعلیم کے ساتھ ساتھ فنی تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کیا۔انہوں نے معظم علی شہید ٹرسٹ کے اس اقدام کو بے حد سراہا کہ وہ انتہائ کم فیس میں بچوں کو جدید فنون سے روشناس کرانے کا عزم رکھتے ہیں۔ ضلعی جنرل سیکریٹری پنجاب ٹیچرز یونین ضلع جہلم منظور حسین نظامی نے اپنے خطاب میں میجر ڈاکٹر یوسف صاحب کی جذبہ انسانی ہمدردی کی تعریف کرتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا اور اپنی طرف سے ادارے کے لئے مبلغ دس ہزار روپے فنڈ دینے کا بھی اعلان کیا۔ صوبائ سینئر نائب صدر ملک محمد افضل میر نے معظم شہید فاؤنڈیشن کی اس کاوش کی بے حد تعریف کی، انہوں نے انتظامیہ کو یقین دلایا کہ پنجاب ٹیچرز یونین ضلع جہلم نونہالان وطن کی تعلیم و تربیت اور ترقی و خوشحالی کے لئے ہر ممکن تعاون کے لئے حاضر ہے۔
آخر میں تمام قائدین کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔ قائدین میں چودھری وحید حیدر ، ملک محمد افضل میر ، رانا اشفاق حیدر ، چودھری شبیر حسین ، منظور حسین نظامی ، راجہ ذوہیب الحسن اور چودھری افضال محمود شامل تھے
