جہلم : عوامی فلاحی منصوبوں کی بروقت تکمیل نہایت اہم ہے اس مقصد کے لیے عوامی نمائندوں اور سرکاری افسران کو باہم کوآرڈینیش سے کام کرنا چاہیے ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد نے ویڈیو لنک کے ذریعے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیش کمیٹی جہلم کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام, سالانہ ترقیاتی پروگرام اور لوکل گورنمنٹ کی سکیموں پر اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر راؤ پرویز اختر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع جہلم میں34 ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے جن میں سے 10 مکمل ہو چکے ہیں۔ پراونشل ہائی وے کے 9 منصوبوں میں سے 6 مکمل ہو چکے ہیں جبکہ 3 پر کام جاری ہے، پراونشل بلڈنگز کے 8 جن میں سے ایک مکمل ہو چکا ہے،لوکل گورنمنٹ کا ایک، پبلک ہیلتھ انجینرنگ کے 9 جن میں سے 2 مکمل ہو چکے ہیں، اریگیشن کا ایک، سمال ڈیم کا ایک، سپورٹس کےتین اور اثار قدیمہ کے دو جاری منصوبوں پر کام کیا جا رہا ہے۔ جبکہ مجموعی طور پر اے ڈی پی کے 34 منصوبوں،کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے 22 اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کے 17 منصوبوں پر کام کیا جا رہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے اجلاس میں بتایا کہ ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے اور متعلقہ محکموں کے حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ خود ان منصوبوں کی نگرانی کریں تاکہ یہ منصوبے پائیدار ہوں اور عوام الناس عرصہ دراز تک ان منصوبوں سے استفادہ حاصل کرسکیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد نے تمام ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ ایکسین سے کام ہدف کے مطابق مکمل کروانے اور معیار پر ہرگز نا سمجھوتہ کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے انتظامی افسران کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کا ذاتی طور پر جائزہ لیں اور کڑی نگرانی کی جائے تاکہ مفاد عامہ کے ان منصوبوں کو معیار کے ساتھ بروقت مکمل کیا جا سکے۔ چوہدری فواد نے جاری ترقیاتی منصوبوں میں اعلیٰ کوالٹی میٹیریل کا استعمال یقینی بنانے اور ساتھ ہی ساتھ انہوں نے متعلقہ ایکسینز کو اہداف کے مطابق کام
کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عمر افتخار شیرازی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ڈاکٹر وقار علی خان، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر وسیم اقبال، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد اشتیاق، سی ای او ایجوکیشن چوہدری معروف سمیت دیگر محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی۔
رپورٹ:چوہدری عابد حسین بیورو چیف جہلم
