جہلم ڈومیلی غیر قانونی شکار میں ملوث ملزم گرفتار، وائلڈ لائف عملے کو دھمکیاں دینے کا انکشاف
جہلم (عبدالرحمن قادری )
تھانہ ڈومیلی پولیس نے غیر قانونی شکار میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے، جس پر محکمہ وائلڈ لائف کے اہلکاروں کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کا بھی الزام عائد کیا گیا ہے۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق ملزم طویل عرصے سے غیر قانونی شکار کی سرگرمیوں میں ملوث تھا اور کارروائی کے دوران محکمہ وائلڈ لائف کے عملے کو اپنے اختیارات کے استعمال سے روکنے کے لیے دھمکیاں دیتا رہا۔ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس نے فوری ایکشن لیا اور ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے شواہد بھی تحویل میں لے لیے۔
پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزم کے خلاف غیر قانونی شکار اور سرکاری ملازمین کو دھمکیاں دینے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، جبکہ تفتیش کے دوران اس کے دیگر ممکنہ جرائم کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
محکمہ وائلڈ لائف کے حکام نے پولیس کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ جنگلی حیات قدرتی ورثہ ہے جس کے تحفظ کے لیے قانون پر عملدرآمد ناگزیر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی شکار میں ملوث افراد نہ صرف قانون کی خلاف ورزی کرتے ہیں بلکہ ماحولیاتی توازن کو بھی شدید نقصان پہنچاتے ہیں۔
حکام نے واضح کیا کہ جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے ایسے عناصر کے خلاف سخت اور بلا امتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی اور کسی کو بھی قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔
پولیس نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ غیر قانونی شکار یا جنگلی حیات کے خلاف کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ اداروں کو دیں تاکہ قدرتی وسائل کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
جہلم (عبدالرحمن قادری )
