وطن عزیز پر جان نچھاور کرنے والے پاک فوج کے شہید سپاہی اسامہ کی نمازِ جنازہ آبائی گاؤں میں ادا ، فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک
جہلم پنڈ دادنخان (عبدالرحمن قادری) پاک فوج کے وطن پر جان نچھاور کرنے والے شہید سپاہی اسامہ کی نمازِ جنازہ ان کے آبائی گاؤں میں ادا کر دی گئی۔ نمازِ جنازہ میں پاک فوج کے افسران و جوانوں، پولیس حکام، ضلعی انتظامیہ، مقامی عمائدین، معززینِ علاقہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور شہید کو آخری سلام پیش کیا۔
نمازِ جنازہ کے موقع پر فضا سوگوار رہی جبکہ شرکاء نے شہید کی وطن کے لیے دی گئی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ ڈی ایس پی پنڈ دادنخان محمد اکرم نے نمازِ جنازہ میں شرکت کی اور شہید کے جسدِ خاکی پر پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ انہوں نے شہید کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔
اس موقع پر ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے اپنے پیغام میں کہا کہ وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے اپنی جان قربان کرنے والے بہادر سپاہی پوری قوم کا فخر ہیں۔ شہداء کی لازوال قربانیاں ملک کی سلامتی، خودمختاری اور بقا کی ضمانت ہیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قوم اپنے شہداء اور ان کے خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
نمازِ جنازہ کے بعد شہید کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا، جبکہ شہریوں کی بڑی تعداد نے شہید کے حق میں دعائیں کیں اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔
