جہلم : پاپولیشن ویلفئیر ڈیپارٹمنٹ کی ماہانہ کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر جہلم نعمان حفیظ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
جس میں محکمہ صحت،تعلیم، اطلاعات کے ضلعی سربراہان، علماء کرام اور ایف۔پی۔اے۔پی کے نمائندگان نے شرکت کی۔ بابر ظہیر ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفئیر آفیسر جہلم نے شرکاء کو محکمہ بہبود آبادی کی سرگرمیوں، مانع حمل ادویات کی فراہمی اور کووڈ ویکسینیشن ریڈ کمپین کے دوسرے مرحلے میں گھر گھر جا کر آگاہی مہم اور بیس فلاحی مراکز میں ویکسینیشن مراکز کے قیام بارے آگاہ کیا اور بتایا کہ جہلم کارکردگی کے لحاظ سے صوبہ پنجاب میں نمایاں مقام رکھتا ہے اور تمام متعلقہ محکموں بالخصوص صحت، تعلیم اور اطلاعات کے تعاون کو سراہا۔ ڈپٹی کمشنر نعمان حفیظ نے محکمہ بہبود آبادی کی کارکردگی کو سراہا اور ہدایت کی کہ دور دراز علاقوں میں جہاں عوام الناس کو خدمات کی فراہمی میں مشکلات ہیں وہاں پر محکمہ صحت اور غیر سرکاری تنظیموں کی سہولیات سے بھرپور استفادہ حاصل کریں اور کمیونٹی کی سطح پر ان علاقوں پر توجہ اور وسائل مرکوز کئے جائیں جہاں پر سہولیات کا فقدان ہے، انہوں نے اس مقصد کے حصول کے لیے محکمہ جاتی تعاون کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا تاکہ ضلع جہلم اپنی کارکردگی کے لحاظ سے دیگر اضلاع کے لیے ایک قابل تقلید مثال بن سکے۔
رپورٹ:چوہدری عابد حسین بیورو چیف جہلم
