BBC Urdu TV

جہلم میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان، سیوریج نظام کی مکمل بحالی کا فیصلہ

جہلم میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان، سیوریج نظام کی مکمل بحالی کا فیصلہ

جہلم:(عبدالرحمان قادری ) بلال اظہر کیانی نے کمشنر آفس جہلم میں ایک اہم اور پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ضلع جہلم کے لیے اربوں روپے مالیت کے تاریخی ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کر دیا۔ وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے باہمی تعاون سے ضلع میں تعمیر و ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے، جس میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور صفائی کے نظام کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ واسا کے تحت 8 ارب روپے کا میگا پراجیکٹ شروع کیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے ضلع جہلم کے سیوریج نظام کو مکمل طور پر اپ گریڈ کیا جائے گا۔ اس منصوبے کے تحت مجموعی طور پر 63 کلومیٹر طویل نیٹ ورک پر کام کیا جائے گا، جس میں 11 کلومیٹر پرانی لائنوں کی مرمت و بحالی جبکہ 61 کلومیٹر نئی سیوریج لائن بچھائی جائے گی۔
وزیر مملکت نے مزید بتایا کہ نکاسی آب کے نظام کو مؤثر اور فول پروف بنانے کے لیے شہر بھر میں 2500 نئے مین ہولز تعمیر کیے جا رہے ہیں، جبکہ پانی کے بہتر اخراج کے لیے 3 جدید ڈسپوزل اسٹیشنز بھی قائم کیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو سیوریج کے دیرینہ مسائل سے مستقل نجات دلائی جا سکے۔
للہ۔جہلم ڈوئل کیرج وے منصوبے پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ ضلع کی معاشی ترقی کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا اور اس پر کام کی رفتار تیز کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ تمام منصوبوں کی وہ خود نگرانی کر رہے ہیں تاکہ شفافیت اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ ہو۔
پریس کانفرنس کے اختتام پر مریم نواز کی "ستھرا پنجاب” مہم کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضلع جہلم کے گلی محلوں کی صفائی اور خوبصورتی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا مقصد صرف منصوبوں کا اعلان نہیں بلکہ انہیں مقررہ مدت میں مکمل کر کے عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرنا ہے۔
آخر میں وزیر مملکت نے میڈیا نمائندگان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تعمیری صحافت عوامی مسائل کی نشاندہی کے ذریعے ترقیاتی عمل کو مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

Exit mobile version