جہلم :محکمہ جنگلات اور عسکری بنک کے زیر اہتمام مون سون شجرکاری مہم کے تحت ضلع جہلم میں گرین ڈے منایا گیا۔ جس میں ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری ظفر اقبال، راجہ یاور کمال، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عمر افتخار شیرازی، ڈی ایف او سدھیر احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اشتیاق احمد، سماجی کارکن فضل الحق فضلی اور عسکری بنک کے نمائندوں نے سول ریسٹ ہاؤس جہلم میں پودے لگائے اور مہم کی کامیابی کے لیے دعا کی۔ ڈویژنل فاریسٹ آفیسر سدھیر احمد نے کہا کہ اب تک ضلع جہلم میں 11 لاکھ 50 ہزار پودے لگائے جا چکے ہیں جن کا زیادہ تر حصہ بذریعہ بیجائی لگایا گیا ہے۔ پودوں کی حفاظت اور نگہداشت پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے تاکہ آئندہ نسلوں کو صاف ستھرا آلودگی سے پاک ماحول مل سکے۔اس موقع پر ممب صوبائی اسمبلی چوہدری ظفر اقبال اور راجہ یاور کمال نے کہا کہ شجرکاری ماحول کے تحفظ اور زمین کو سنوارنے کے ساتھ بارشوں کا قدرتی ذریعہ ہے۔ شدید گرمی، سیلاب سے بچاؤ کیلئے شجرکاری مہم انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور گرمی کی شدت کی ایک بڑی وجہ درختوں کی کٹائی ہے، ہمیں اس عمل کو روکنے کیلئے اپنا مناسب کردار ادا کرنا ہو گا۔
رپورٹ : چوہدری عابد حسین بیورو چیف جہلم
