جہلم: DHQ ہسپتال میں مریضوں کے چیک اپ کی پرچی کے حصول اور ادویات کی فراہمی وبالِ جان بن گیا، لمبی قطاریں، محدود کاؤنٹرز، طویل انتظار پر عوام پریشانی میں مبتلا
جہلم (عبدالرحمن قادری )ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (DHQ) ہسپتال جہلم میں مریضوں کے لیے پرچی کا حصول شدید مشکلات کا باعث بن گیا ہے۔ صبح سویرے سے ہی مریضوں اور ان کے لواحقین کی لمبی قطاریں لگ جانا معمول بن چکا ہے، جبکہ محدود کاؤنٹرز کے باعث شہریوں کو گھنٹوں انتظار کرنا پڑتا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ شدید سردی اور گرمی کے باوجود مرد و خواتین کو ایک ہی قطار میں کھڑا کیا جاتا ہے، جو نہ صرف غیر مناسب بلکہ بنیادی سہولیات کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ بزرگ، خواتین اور شدید بیمار مریض طویل انتظار کے دوران نڈھال ہو جاتے ہیں، جبکہ انتظامیہ کی جانب سے کسی مؤثر متبادل یا سہولت کا فقدان نظر آتا ہے۔متاثرہ مریضوں کا مزید کہنا ہے کہ چیک اپ کروانے کے بعد بھی ادویات کے حصول کے لیے انہیں کئی کئی گھنٹے قطاروں میں کھڑا رہنا پڑتا ہے۔ پورے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں پرچی کے لیے صرف دو کاؤنٹر قائم ہیں، جن میں ایک مرد حضرات اور ایک خواتین کے لیے مختص ہے، جومریضوں کے بڑھتے ہوئے رش کے مقابلے میں انتہائی ناکافی ہیں۔شہریوں نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ ہسپتال کی فارمیسی میں بھی کاؤنٹرز کی تعداد میں فوری اضافہ کیا جائے تاکہ مریضوں کو ادویات کے حصول میں مزید اذیت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔متاثرہ شہریوں نے انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ پرچی کاؤنٹرز اور فارمیسی کاؤنٹرز کی تعداد میں فوری اضافہ کیا جائے، مرد و خواتین کے لیے واضح اور علیحدہ قطاریں قائم کی جائیں اور مریضوں کو باعزت، منظم اور بروقت طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور عملی اقدامات کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب ہسپتال انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ مریضوں کا رش معمول سے زیادہ ہے، تاہم عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اور بہتر انتظامات کیے جائیں تو یہ مسائل باآسانی حل ہو سکتے ہیں۔
