جہلم : ایس ایچ او تھانہ دینہ اور ٹیم کی بڑی کارروائی، پتنگ فروشی میں ملوث 03 ملزمان گرفتار، 600 سے زائد پتنگیں اور خونی ڈوریں برآمد
جہلم( عبدالرحمن قادری ) ایس ایچ او تھانہ دینہ اور پولیس ٹیم نے پتنگ بازی کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران اہم کارروائی کرتے ہوئے پتنگ فروشی کے مقدمہ میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق ملزمان کے قبضہ سے 600 سے زائد پتنگیں اور خونی ڈوریں برآمد کر لی گئیں، جبکہ گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ دینہ میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ دینہ کے علاقہ میں دورانِ گشت پتنگ بازی میں ملوث ایک ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔ دورانِ تفتیش ملزم کی نشاندہی پر پتنگیں سپلائی کرنے والے دوسرے ملزم کو بھی گرفتار کر لیا گیا، جس کے قبضہ سے پتنگوں کی بھاری کھیپ اور خونی ڈوریں برآمد ہوئیں۔ بعد ازاں کارروائی کو مزید وسعت دیتے ہوئے تیسرے ملزم کو بھی قانون کی گرفت میں لے لیا گیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ نئے قانون کے تحت غیر قانونی طور پر پتنگیں تیار کرنے، ذخیرہ کرنے، سپلائی کرنے یا قبضہ میں رکھنے پر بھاری جرمانہ اور پانچ سال تک قید کی سزا مقرر کی گئی ہے۔ پتنگ بازی ایک خطرناک اور خونی کھیل ہے جس کے باعث ماضی میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے واضح کیا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پتنگ بازی کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کیا جائے گا اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ڈی پی او جہلم نے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پتنگ بازی جیسے جان لیوا کھیل سے اجتناب کریں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کرتے ہوئے ایسے عناصر کی نشاندہی کریں تاکہ معاشرے کو محفوظ بنایا جا سکے۔
