جہلم : شجرکاری مہم کے تحت ڈپٹی کمشنر جہلم راؤ پرویز اختر نے گورنمنٹ ڈگری کالج فارویمن میں پودا لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز کیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر شہزانہ، پرنسپل، ڈی ایف او سدھیر احمد مغل،ڈسٹرکٹ اٹارنی رانا محمد خالد,ایڈوکیٹ فرحت ضیا و دیگر افسران نے طالبات کے ساتھ مل کر پودے لگائے۔ ڈپٹی کمشنر راؤ پرویز اختر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئےکہا کہ یہ شہر ہم سب کا ہے ہم مل کر اس کو خوبصورت بنائیں گے، اپنے بچوں کو زرخیز زمین مہیا کریں گے اور ان میں اپنے مستقبل کی خواہشات کو بیدار کرنے کا جذبہ پیدا کریں گے۔ میں امید کرتا ہوں کہ آنے والا پاکستان کامیاب ترین ممالک میں شمار ہوگا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شجرکاری ماحول کے تحفظ اور زمین کو سنوارنے کے ساتھ بارشوں کا قدرتی ذریعہ ہے۔ شدید گرمی، سیلاب سے بچاؤ کیلئے شجرکاری مہم انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور گرمی کی شدت کی ایک بڑی وجہ درختوں کی کٹائی ہے، ہمیں اس عمل کو روکنے کیلئے اپنا مناسب کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کے طلباوطالبات اور نوجوانوں کو شجرکاری مہم میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے اس کے لیے ان کی حوصلہ افزائی ضرور ہونی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع میں شجرکاری مہم میں تعلیمی اداروں، سرکاری محکموں اور دیگر مقامات پر پودے لگائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شجرکاری مہم آج کی بنیادی ضرورت ہے، اس لئے اپنے بچوں کا مستقبل بچانے کے لئے درخت لازمی لگائیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تعلیمی اداروں میں شجرکاری مہم سے متعلق آگاہی دی جائے
رپورٹ:چوہدری عابد حسین بیورو چیف جہلم
