جہلم دینہ (عبدالرحمن قادری )جہلم کی تحصیل دینہ میں شارٹ سرکٹ سے غریب محنت کش کے گھر میں خوفناک آتشزدگی، بیٹی کا جہیز سمیت پورا گھر جل کر راکھ، 20 لاکھ سے زائد کا نقصان دینہ کے علاقہ ہڈالی کھوکھر روڈ پر افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں شارٹ سرکٹ کے باعث غریب محنت کش کے گھر میں آگ بھڑک اٹھی۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے پورے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور چند ہی لمحوں میں گھر جل کر راکھ کا ڈھیر بن گیا۔تفصیلات کے مطابق صبح ساڑھے دس بجے کے قریب محنت کش محمد رئیس ولد سید گل کے گھر اچانک شارٹ سرکٹ ہوا جس کے نتیجے میں شدید آتشزدگی شروع ہو گئی۔ آگ کی شدت کے باعث گھر میں موجود تمام سامان، جن میں بیٹی کے جہیز کا سامان بھی شامل تھا، مکمل طور پر جل گیا۔ متاثرہ خاندان کی بیٹی کی شادی رمضان المبارک کے بعد طے تھی جس کے لیے تیار کیا گیا سامان بھی آگ کی نذر ہو گیا۔آتشزدگی کے باعث دو تولے طلائی زیورات، نقدی، برتن، قیمتی کپڑے، الماری، بسترے اور دیگر گھریلو سامان جل کر خاکستر ہو گیا، نقصان کی مجموعی مالیت 20 لاکھ روپے سے زائد بتائی جاتی ہے۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور اہلِ علاقہ موقع پر پہنچ گئے اور تقریباً ایک گھنٹے کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پایا گیا، تاہم اس دوران گھر مکمل طور پر تباہ ہو چکا تھا۔
متاثرہ محمد رئیس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس کی زندگی بھر کی جمع پونجی جل کر راکھ ہو گئی ہے۔ اس نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سمیت دیگر حکومتی نمائندوں سے فوری امداد اور تعاون کی اپیل کی ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی کیفیت ہے اور اہلِ علاقہ متاثرہ خاندان کی مدد کے لیے آگے آنے کی اپیل کر رہے ہیں۔
جہلم دینہ (عبدالرحمن قادری )جہلم کی تحصیل دینہ میں شارٹ سرکٹ سے غریب محنت کش کے گھر
