باتسلیمات ضلعی آفیسر اطلاعات حکومت پنجاب، جہلم
جہلم : ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عمر افتخار شیرازی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ویجیلنس کمیٹی کا اجلاس ڈی سی آفس کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ جس میں ڈی او انڈسٹریز سعید، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر ہمایوں، ڈی او لیٹریسی میمونہ انجم، ڈی او ایجوکیشن و دیگر ضلعی افسران اور بھٹہ مالکان ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں بھٹہ جات کے متعلق شکایات، جبری مشقت، لٹریسی ڈیپارٹمنٹ کے تحت کام کرنے والے سکولوں میں درپیش مسائل، بھٹوں کی زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقلی، سوشل سیکورٹی کارڈز کے اجراسمیت دیگر معاملات کا تفصیلا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے لیٹریسی ڈیپارٹمنٹ کے تحت کام کرنے والے سکولوں میں بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جو بھٹہ مالکان انتظامیہ سے تعاون نہیں کریں گے ان کے خلاف سختی سے نمٹا جائے گا، انہوں نے کہا کہ بھٹہ خشت مزدوروں کے بچوں کو سکولوں میں بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے اور ہمارا قومی فریضہ بھی ہے۔ مزید ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عمر افتخار شیرازی نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات کو ہدایت کی کہ بھٹوں کی انسپکشن کے عمل کو تیز کریں اور ایسے تمام بھٹے جو زگ زیگ ٹیکنالوجی کا استعمال نہیں کر رہے انکو جرمانے کیے جائیں اور باربار خلاف ورزی کرنے والے بھٹوں کو سیل کیا جائے۔
رپورٹ:چوہدری عابد حسین بیورو چیف جہلم
