
,جہلم (اصف اقبال جنجوء) پاکستان نیشنل اسپیشل اولمپکس میں شاندار کامیابی حاصل کرنے والے القاسم انسٹیٹیوٹ برائے اسپیشل بچگان، اسلام پورہ، جہلم کے باہمت بچوں کے اعزاز میں ڈپٹی کمشنر آفس جہلم میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر جہلم تھے، جنہوں نے قومی سطح پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بچوں کو میڈلز پہنائے، ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی اور بعد ازاں بچوں کے ہمراہ کیک کاٹ کر ان کی کامیابی کا جشن منایا۔اس موقع پر بچوں کی بہترین تربیت، رہنمائی اور محنت کے اعتراف میں چیف ٹرینر ملک عرفان، ٹرینر محترمہ عائشہ غفور اور ٹرینر فیضان کو خصوصی تعریفی ایوارڈز سے نوازا گیا۔ تقریب میں القاسم انسٹیٹیوٹ کی پرنسپل محترمہ حنا ثاقب، ادارے کے صدر آصف ملک، ایڈمنسٹریٹر شکیل انصاری، کوآرڈینیٹر اسپیشل ایجوکیشن ضلع جہلم چوہدری تاثیر سمیت ادارے کے دیگر نمائندگان بھی شریک ہوئےتقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محترمہ علیزہ ریحان، ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 سعید احمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (سوشل ویلفیئر) محترمہ یسریٰ اور دیگر معزز سرکاری افسران نے بھی شرکت کی اور قومی سطح پر کامیابی حاصل کرنے والے اسپیشل بچوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی صلاحیتوں، عزم اور ہمت کو سراہاڈپٹی کمشنر جہلم نے اپنے خطاب میں القاسم انسٹیٹیوٹ برائے اسپیشل بچگان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ادارے کے اساتذہ، ٹرینرز، والدین اور انتظامیہ کی انتھک محنت ہی ان بچوں کی کامیابی کی بنیاد ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ مستقبل میں بھی اسپیشل بچوں کی تعلیم، تربیت، کھیلوں اور فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی،ادارے کے صدر آصف ملک نے ڈپٹی کمشنر جہلم اور ضلعی انتظامیہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اسپیشل بچوں کی اس شان دار انداز میں عزت افزائی نہ صرف بچوں بلکہ ان کے والدین، اساتذہ اور ٹرینرز کے لیے بھی باعثِ فخر اور نئی اُمید کا پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز القاسم انسٹیٹیوٹ کے لیے ایک یادگار سنگِ میل ہے اور ادارہ مستقبل میں بھی خصوصی بچوں کی تعلیم، تربیت اور کھیلوں میں مزید کامیابیوں کے لیے اسی جذبے سے اپنی خدمات جاری رکھے گا،
________________
