عظمت صحا بہ واہل بیت کی بابت عوام الناس میں آگہی پروگرامز جہلم بھر میں منعقد ہوں گے۔ حافظ عبدالحمید عامر
شرف صحا بیت کو ہزاروں سال کی عبادت و ریاضت سے کمایا نہیں جا سکتا۔ مفتی عتیق الرحمٰن علوی
جہلم(محمد زاہد خورشید) صحا بہ کرام اور اہل بیت عظام کی بابت عوام الناس میں آگہی پروگرام جہلم بھر میں منعقد ہوں گے، ان خیالات کا اظہار جامعہ علوم اثریہ جہلم کے مہتمم اور مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے نائب امیر حافظ عبدالحمید عامر نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے مرکزی جامع مسجد اہل حدیث چوک اہل حدیث میں ”عظمت صحا بہ کرام اور اہل بیت عظا م کانفرنس“ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صحابہ کرام اور اہل بیت عظام کی زندگیاں ہمارے لیے مشعل راہ ہیں، انہوں نے باہمی محبت و شفقت اور احترام کو پروان چڑھایا۔ آج ضرورت اس اَمر کی ہے کہ ہماری نسلوں کو اس عظیم گروہ کی عظمت و شان سے آگاہ کیا جائے، تاکہ کوئی عاقبت نا اندیش انہیں صحابہ کرام و اہل بیت عظام سے بد ظن کرنے کی نامراد کوشش نہ کر سکے، انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے جہلم بھر کی مساجد میں خصوصی علمی و اصلاحی اور فکری محافل کا انعقاد کیا جائے گا، تاکہ لوگ صحابہ کرام کے بارے میں اہل سنت والجماعت کا متفقہ عقیدہ اور مسلمہ نکتہ نظر جان سکیں۔ لاہور سے آئے مہمان معروف مذہبی اسکالر مفتی عتیق الرحمن علوی نے عظمت صحابہ کرام اور اہل بیت عظام کے عنوان پر بڑا عالمانہ و فاضلانہ خطاب کیا۔ صحابہ کرام کی بابت لوگوں کے اذہان میں پیدا کیے جانے والے شکوک و شبہات کا ازالہ بڑے علمی و اصلاحی انداز میں کیا۔انہوں نے دعوت فکر دیتے ہوئے کہا کہ مقام نبوت اور مقام صحابیت دونوں اعزاز خاص اللہ تعالیٰ کی عنایت ہیں، انہیں ہزاروں سال کی عبادت و ریاضت سے کمایا نہیں جا سکتا، بلکہ یہ تو احکم الحاکمین کا حُسن انتخاب ہیں،اب ان شخصیات پر کسی قسم کا اعتراض درحقیقت اللہ تعالیٰ کے انتخاب کو چیلنج کرنا ہے اور کوئی مسلمان ایسا کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ پروگرام کے آخر میں سامعین کے سوالات کے جوابات دیے گئے۔جہلم اور گردو نواح سے بڑی تعداد میں لوگوں نے اس پروگرام میں شرکت کی اور اسے بے حد سرایا اور ایسے اصلاحی پروگرامز جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ پروگرام میں مدیر الجامعہ حافظ احمد حقیق، نائب مدیر الجامعہ حافظ عبدالغفور مدنی (سیکرٹری جنرل اہل حدیث یوتھ فورس پاکستان)، مدیر التعلیم مولانا عکاشہ مدنی، مولانا حافظ عمر عبدالحمید (صدر اہل حدیث سٹوڈنٹس فیڈریشن پاکستان) اور مفتی جامعہ مولانا قطب شاہ نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
