جنگ گروپ سے درجنوں ملازمین کی غیرقانونی برطرفیاں
روزنامہ وقت،عوام، انقلاب کے بعد اب روزنامہ آواز بھی بند کردیا، کے یوجے
ملازمین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایاجائے، کراچی یونین آف جرنلٹس
کراچی (اسٹاف رپورٹ) کراچی یونین آف جرنلٹس کے صدر طاہر حسن خان، جنرل سیکرٹری سردار لیاقت کشمیری اور مجلس عاملہ نے جنگ گروپ سے درجنوں ملازمین کی غیرقانونی جبری برطرفیوں کی شدید مذمت کی ہے۔ کے یوجے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جنگ گروپ کی انتظامیہ لاہور اسٹیشن سے ایک سو ستائیس ملازمین، ملتان اسٹیشن سے پانچ افراد کو برطرف کیا اور ساتھ ہی جنگ لاہور اور جنگ ملتان سے میگزین سیکشنز بھی بند کردیئے۔اس کے ساتھ ہی روزنامہ وقت ،روزنامہ عوام اورروزنامہ انقلاب کے بعد اب روزنامہ آوازکو بھی بند کرکے درجنوں صحافیوں کو بیروزگارکردیا ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔انہوں نے جنگ گروپ کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر روزنامہ آواز کی ریگولر اورمستقل بنیاد پر اشاعت شروع کی جائے ملازمین کے حقوق کاتحفظ یقینی بنایا جائے بصورت دیگرکراچی یونین آف جرنلٹس اپنے صحافی بھائیوں اوردیگر کارکنوں کے حقوق کے مالی تحفظ کیلئے قانونی کارروائی کرنے سمیت بھر پور احتجاج کرے گی ، جس کی تمام تر ذمہ داری جنگ گروپ کے مالکان اور اس کی انتظامیہ پر ہوگی ۔
