BBC Urdu TV

جماعت اسلامی ضلع جہلم کے امیر ڈاکٹر قاسم محمود چوھدری پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے

جہلم (عبدالرحمن قادری) جہلم جماعتِ اسلامی کے ضلعی امیر ڈاکٹر قاسم محمود چوہدری نے جہلم پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ غیر معمولی اضافے پر سخت تنقید کی انہوں نے کہا کہ چند برس قبل اگر ایک سے دو، روپے پٹرول مہنگا ہوتا تو حکمران جماعتیں آسمان سر پر اٹھا لیتیں اور غریب عوام کے معاشی حالات کا رونا رویا جاتا، مگر آج انہی طبقات نے عوام پر مہنگائی کا بے پناہ بوجھ ڈال دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رات کی تاریکی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنا عوام سے کھلا دھوکہ ہے، جبکہ بجلی کے نرخوں میں معمولی اضافے پر بھی بڑے بڑے دعوے کیے جاتے تھے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ماضی میں تین سو یونٹ تک مفت بجلی دینے کے وعدے کیے گئے، مگر آج عوام مہنگی بجلی کے بلوں تلے دب چکے ہیں۔ آٹا، گھی اور چینی جیسی بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکا ہے جس نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔
ڈاکٹر قاسم محمود چوہدری نے قومی اداروں کی نجکاری پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ منافع بخش قومی ائیرلائن پی آئی اے کو مبینہ طور پر انتہائی کم قیمت پر فروخت کرنا نااہلی اور بدانتظامی کی بدترین مثال ہے، جسے فوری طور پر روکا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کے باعث ملکی معیشت کمزور اور عوام بدحال ہو چکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں عام شہری دو وقت کی روٹی کے حصول کے لیے شدید مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ حکومت عوامی مسائل سے نظریں چرا رہی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ مہنگائی کا طوفان صرف معاشی نہیں بلکہ سماجی بحران کو بھی جنم دے رہا ہے، جس کے اثرات آنے والے وقتوں میں مزید سنگین ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر پٹرولیم مصنوعات اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں غیر معمولی کمی کرے اور عوام کو ریلیف فراہم کرے۔
ضلعی امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک کی واحد جماعت ہے جو ہر سطح پر عوام کے حقوق کی آواز بلند کر رہی ہے اور ملک کو درپیش بحرانوں سے نکالنے کے لیے واضح لائحہ عمل رکھتی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ باشعور بنیں اور اپنے حقوق کے حصول کے لیے متحد ہو جائیں تاکہ ایک منصفانہ اور فلاحی معاشرے کی بنیاد رکھی جا سکے۔
واضح رہے کہ جماعت اسلامی کے رہنما ملک بھر کے اضلاع اور تحصیلوں میں پریس کانفرنسز کے ذریعے عوام کو درپیش مسائل اور حکومتی پالیسیوں کے اثرات سے آگاہ کر رہے ہیں، تاکہ شعور بیدار کیا جا سکے اور عوام کو درست سمت میں رہنمائی فراہم کی جا سکے

Exit mobile version