BBC Urdu TV

جشنِ آزادی 14 اگست 2024ء کے پُر مسرت موقع پر گلستان اسکاؤٹ ٹریننگ سینٹر میں تقریب

*جشنِ آزادی 14 اگست 2024ء کے پُر مسرت موقع پر گلستان اسکاؤٹ ٹریننگ سینٹر میں تقریب*

*اردو اتحاد پاکستان اور اردو سندھی ادبی سنگت اساس کے زیرِ اہتمام جشن آزادی تقریب کا انعقاد*

کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) جشنِ آزادی چودہ اگست سنہ دو ہزار چوبیس کے پُر مسرت موقع پر گلستان اسکاؤٹ ٹریننگ سینٹر، کراچی میں اردو اتحاد پاکستان اور اردو سندھی ادبی سنگت اساس کے زیرِ اہتمام مرکزِ قومی زبان بزمِ اساتذہ اردو سندھ کے تعاون سے نفاذِ اردو کے سلسلے میں ایک تقریب اور شجر کاری کا اہتمام کیا گیا، جس کی صدارت پروفیسر امریطس ڈاکٹر رئیس احمد صمدانی نے کی جبکہ مہمانانِ خصوصی معروف صحافی اور ادیب زیب اذکار حسین اور ماہرِ تعلیم ڈاکٹر عرفان شاہ تھے۔ اس موقع پر صدرِ مجلس ڈاکٹر رئیس احمد صمدانی نے پاکستان کی آزادی اور تحریک پاکستان کے قائدین کی جدوجہد پر سیر حاصل گفتگو کی۔ زیب اذکار حسین نے اپنے خطاب میں آزادی کی اہمیت اور اردو کے نفاذ کی کوششوں میں مختلف تنظیموں کی خدمات کو سراہا۔ ڈاکٹر عرفان شاہ نے خصوصی خطاب میں کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ اردو کا سرکاری سطح پر فوری نفاذ کیا جائے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اردو کے نفاذ کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر من و عن عمل کیا جائے۔ اس موقع پر کلیم علی خان، مجید رحمانی، سید صبغت اللہ، انجینئر انتصار غوری، محمد عارف سومرو، ڈاکٹر محمد مجیب الدین قادری اور محمد عثمان دموہی نے بھی خطاب کیا۔ گلوکار علی خان نے قومی ترانہ اور ملی نغمات گا کر حاضرین سے داد حاصل کی۔ آخر میں اردو سندھی ادبی سنگت کی چیئر پرسن گلناز محمود نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔

Exit mobile version