ججز خط پر 7رکنی لارجر بنچ کا قیام خوش آئند،اداروں کا میڈیا ٹرائل بند کرایا جائے:انجینئر ندیم ممتاز قریشی
عدلیہ کی آزادی اور ججز کے خط پر سیاست ملکی نظام کیلئے خطرات پیدا کرنے کے مترادف ہے:چیئرمین
قانون کی حکمرانی کی درجہ بندی میں ہم پہلے ہی بہت پیچھے ہیں،ذمہ داران عناصر کو سزائیں دی جائیں:گفتگو
چیئرمین مستقبل پاکستان انجینئر ندیم ممتاز قریشی کی اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے خط پر لارجر بنچ کی تشکیل پر گفتگو
چیئرمین مستقبل پاکستان انجینئر ندیم ممتاز قریشی نے کہا کہ ججز خط پر چیف جسٹس آف سپریم کورٹ کا از خود نوٹس اور 7 رکنی لارجر بنچ کا قیام خوش آئند ہے،عدلیہ کے انتظامی معاملات اور فیصلوں میں دخل اندازی ناقابل معافی جرم ہے اگر عدلیہ کے ججز اداروں کے خلاف سازش میں ملوث پائے جائیں تو انہیں بھی قانون کے مطابق سزائیں دی جائیں اور جلد از جلد عدلیہ و حساس اداروں کا میڈیا ٹرائل بند کرایا جائے کیونکہ اس سے جہاں بین الاقوامی سطح پر ملکی سطح متاثر ہورہی ہے وہاں عوام کا اعتماد بھی اٹھتا جارہا ہے،ملک میں جب تک سب کیلئے قانون و انصاف کے تقاضے یکساں نہیں کئے جاتے تب تک نہ تو جرائم کی شرح میں کمی ہوگی اور نہ ہی عوامی اعتماد بحال ہوگا۔ان خیالات کا اظہار اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز خط پر لارجر بنچ کی تشکیل اور سماعت کے حوالے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ عدلیہ کی آزادی اور ججز کے خط پر سیاست نہیں ہونی چاہیے کیونکہ یہ ملکی نظام کیلئے خطرات پیدا کرنے کے مترادف ہے۔انجینئر ندیم ممتاز قریشی نے کہا کہ قانون کی حکمرانی کی درجہ بندی میں ہم پہلے ہی بہت پیچھے ہیں،ججز کے خط میں جو الزامات ہیں اس کا اثر نظام قانون کی ساکھ کیلئے مزید تباہ کن ہے۔
