جاپانی وزیراعظم کا مستعفی ہونے کا فیصلہ۔
یاد رہے کہ انہوں نے اکتوبر 2024 میں وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالا تھا۔
جاپان(انٹرنیشنل ڈیسک) گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق جاپان کے وزیر اعظم شیگیرو اشیبا نے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے۔جاپانی وزیراعظم نے یہ فیصلہ حکمران لبرل ڈیموکریٹک پارٹی (ایل ڈی پی) کو تقسیم ہونے سے بچانے کے لیے کیا۔میڈیا کے مطابق یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب کچھ ہفتے قبل شیگیرو اشیبا نے ان رپورٹس کی تردید کی تھی کہ وہ جولائی میں ہونے والے انتخابات میں ایل ڈی پی کی تاریخی ناکامی کے بعد عہدہ چھوڑنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔اس وقت جاپانی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ امریکا کے ساتھ ٹیرف معاہدے کو یقینی بنانا چاہتے ہیں۔انہوں نے اکتوبر 2024 میں وزیراعظم کا عہدہ سنبھالا تھا۔مگر اکتوبر میں ہی انتخابی ناکامی کے بعد ان کی جماعت کو پارلیمان کے ایوان زیریں میں اکثریت سے محروم ہونا پڑا تھا۔اس ناکامی نے شیگیرو اشیبا کے لیے پالیسیوں کا نفاذ مشکل بنا دیا تھا۔جاپان میں سیاسی عدم استحکام بڑھنے کے بعد وزیراعطم کی اپنی جماعت کے اندر موجود دائیں بازو کے حریفوں نے ان سے عہدہ چھوڑنے کا مطالبہ کیا تھا۔ان حریفوں کا کہنا تھا کہ شیگیرو اشیبا کو جولائی میں انتخابات میں ہونے والی ناکامی کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے عہدہ چھور دینا چاہیے۔رپورٹس کے مطابق جاپان کے وزیر زراعت نے 6 جولائی کی شب شیگیرو اشیبا سے ملاقات کرکے زور دیا کہ وہ مستعفی ہو جائیں۔ابھی تک وزیراعظم آفس کی جانب سے اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا مگر شیگیرو اشیبا کی جانب سے 7 جولائی کو کسی وقت پریس کانفرنس میں مستعفی ہونے کا اعلان کیے جانے کا امکان ہے۔8ستمبر کو ایل ڈی پی کی جانب سے قیادت کے انتخابات کرائے جا رہے ہیں۔
