*جامعہ کراچی: یکم جنوری 2026 ء کو یوم جامعہ کا انعقاد کیا جارہا ہے*
کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) جامعہ کراچی سے دلی وابستگی، محبت اور عقیدت کے اظہار کے لئے ہر سال کی طرح اس سال بھی یکم جنوری2026 ء کو یوم جامعہ کی پروقار تقریب منعقد کی جارہی ہے۔ تمام اساتذہ، انتظامی عملے اور طلبہ سے گذارش کی گئی ہے کہ وہ صبح 08:30 بجے جامعہ کراچی کے سلور جوبلی گیٹ پر مجتمع ہوجائیں اور اس جلوس کا حصہ بنیں جس میں حفاظ کرام تلاوت قرآن فرماتے ہوئے جامعہ کراچی میں داخل ہوں گے۔ شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی، روئسائے کلیہ جات، سابق وائس چانسلرز، اراکین سنڈیکیٹ و اراکین سینیٹ جامعہ کراچی، یونی کیرئینز انٹرنیشنل کے صدر اعجاز احمد فاروقی اور عمائدین شہر بھی نواردان جامعہ کا استقبال کریں گے۔ یوم جامعہ کی سرگرمیوں کا آغاز جامعہ کراچی کے سلور جوبلی گیٹ سے تلا وت کلام پاک سے ہوگا اور اختتام پر تمام افراد پارکنگ گراؤنڈ (بالمقابل آرٹس لابی) جمع ہوں گے جہاں پر مرکزی تقریب کا آغاز اور تقاریر ہوگی۔
