*جامعہ کراچی کے افسران کی پانچ روزہ تربیتی ورکشاپ کے اختتام پر سرٹیفیکیٹس کی تقسیم کی تقریب*
*ورکشاپس افسران کو نہ صرف اپنے فرائض بہتر انداز میں انجام دینے کے قابل بناتی ہیں بلکہ انہیں پیشہ ورانہ اعتماد بھی فراہم کرتی ہیں۔ ڈاکٹر خالد عراقی*
کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے اور جدید انتظامی تقاضوں سے ہم آہنگی کے لئے تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس ورکشاپ کا مقصد جامعہ کے افسران کو جدید ترین انتظامی اصولوں، قیادت کی مہارتوں اور موثر ابلاغ کے فنون سے روشناس کروانا ہے۔تعلیمی اداروں کی ترقی میں انتظامی عملے کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے اور ایسی ورکشاپس افسران کو نہ صرف اپنے فرائض بہتر انداز میں انجام دینے کے قابل بناتی ہیں بلکہ انہیں پیشہ ورانہ اعتماد بھی فراہم کرتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کراچی انتظامیہ کے زیر اہتمام جامعہ کے مختلف شعبہ جات کے افسران کے لئے منعقدہ پانچ روزہ تربیتی ورکشاپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد سردار یاسین ملک پروفیشنل سینٹر جامعہ کراچی میں کیا گیا۔
شرکاء نے ورکشاپ کو نہایت معلوماتی، مفید اور عملی قرار دیا اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ ایسی تربیتی سرگرمیوں کا تسلسل جاری رہنا چاہئے۔ جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمود عراقی، رجسٹرار ڈاکٹر عمران احمد و شرکاء نے سردار یاسین ملک پروفیشنل ڈیولپمنٹ سینٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سید عاصم علی اور دیگر منتظمین کو شاندار تربیتی مواقع فراہم کرنے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ رجسٹرار جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر عمران احمد صدیقی نے اختتامی تقریب کہا کہ جامعہ کراچی اپنے اور دیگر جامعات کے افسران کی پیشہ ورانہ تربیت کے لئے ایسے اقدامات کو مستقبل میں مزید وسعت دے گی۔
