*جامعہ کراچی میں 1.3 کلومیٹر رقبہ اور 16 منی ہائیڈرینٹس پر مشتمل ڈرپ ایریگیشن سسٹم کاافتتاح*
*پانی ایک قیمتی اثاثہ اور ڈرپ ایریگیشن سسٹم وقت، پیسہ اور پانی بچانے کا موثر طریقہ ہے۔ وائس چانسلر ڈاکٹر خالد عراقی*
کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ اس معاشرے میں سب سے آسان کام دوسروں پر تنقید کرنا ہے ہم اپنا احتساب کرنے کے بجائے دوسروں پر تنقید کرتے ہیں۔ پانی ایک قیمتی اثاثہ ہے اور دنیا بھر میں اس کو محفوظ کرنے کے لئے کام ہورہا ہے۔ ڈرپ ایریگیشن سسٹم وقت، پیسہ اور پانی بچانے کا موثر طریقہ ہے جس کے ذریعے کم وقت میں زیادہ رقبہ سیراب اور بجلی وفیول کی بچت کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ پاکستان اور بالخصوص کراچی میں تواتر کے ساتھ شجرکاری ناگزیر ہوگئی ہے، موسمیاتی تبدیلیوں نے پوری دنیا کو متاثرکیا ہے، پاکستان کا شمار سب سے زیادہ موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے والے ممالک میں ہوتا ہے۔ ہمیں موسمیاتی تبدیلیوں سے نبردآز ہونے کے لئے انقلابی اقدامات کرنے ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کراچی میں 1.3 کلومیٹر رقبہ پر (فارمیسی تامسکن گیٹ) ڈرپ ایریگیشن سسٹم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈرپ ایریگیشن سسٹم کا افتتاح شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کیا۔ افتتاحی تقریب میں ایم ڈی آدم جی دورا بلٹ پرائیویٹ لمیٹڈ ندیم علی آدم جی اور ڈپٹی سی ای او، فارم ایووسید جمشید احمد نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور ملک کو موسم کی شدت کے اثرات سے بچانے کیلئے خصوصی طور پر جامعہ میں پودے لگا کر وطن سے محبت کا اظہار کیا گیا۔ ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ فارمیسی چوک تا مسکن گیٹ 13 سو میٹر کا ایریگیشن سسٹم لگایا گیا ہے جس میں 16 منی ہائیڈرینٹس شامل ہیں اور اس سسٹم کے تحت پودوں کو ان کی ضروریات کے مطابق پانی ملے گا۔ جامعہ کراچی نہ صرف تواتر کے ساتھ شجرکاری کررہی ہے بلکہ جامعہ کراچی میں ملک کے مختلف حصوں سے حصول علم کے لئے آئے ہوئے طلبہ کے ذریعے شجرکاری کی اہمیت اور ضرورت کو ملک بھر میں فروغ دے رہی ہے۔ جامعہ کراچی میں ڈرپ ایریگیشن سسٹم چند سال قبل شروع کیا گیا اور مختلف ڈونرز کے تعاون سے یہ سلسلہ جاری ہے۔ اس موقع پر دعا فاؤنڈیشن کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر فیاض عالم نے کہا کہ جامعہ کراچی میں کثیر تعداد میں درخت موجود ہیں اور اب دعا فاؤنڈیشن کیمپس میں پھلوں اور پھولوں والے پودوں اور درختوں کی شجرکاری کو فروغ دے رہی ہے۔ امید ہے آئندہ چند سالوں میں جامعہ کراچی کے مختلف حصوں میں طلبہ کو کئی اقسام کے پھولوں والے درخت اور پودے نظر آئیں گے۔دعا فاؤنڈیشن جامعہ کراچی کی انتظامیہ کے ساتھ ملکر جامعہ کو گرین اینڈ کلین ماحول دینا ہمارا عزم ہے اور جامعہ کے ساتھ ہمارا تعاون جاری رہے گا۔ گزشتہ چند سالوں سے جامعہ کراچی میں تواتر کے ساتھ شجرکاری ہورہی ہے جو لائق تحسین اور قابل تقلید ہے۔
