*جامعہ کراچی میں یوم آزادی کی مرکزی تقریب*
*ہم نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے 350 طلبا و طالبات کو میڈلز اور اسناد سے نوازا گیا*
*وہ ہی قومیں ترقی کرتی ہیں اور دنیا انہیں یاد رکھتی ہے جو مشکلات اور کھٹن حالات سے بھاگنے کے بجائے اس مقابلہ کرتی ہیں۔ ڈاکٹر خالد محمود عراقی*
کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ زندہ قوموں کے لئے آزادی کا دن اہم ہوتا ہے اور وہ رسماً یہ دن نہیں مناتے بلکہ خدائے بزرگ و برتر کے حضور سجدہ تشکر ادا کرکے مناتے ہیں۔ یہ دن ہمیں اُن بے شمار قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو ہمارے آباؤ اجداد نے آزادی کے عظیم مقصد کے حصول کے لئے دیں۔ ہم سب کا پاکستان، صرف ایک نعرہ نہیں بلکہ ایک عہد ہے۔ اگر ہم واقعی پاکستان کو ترقی یافتہ، خودمختار اور پرامن دیکھنا چاہتے ہیں تو ہمیں ہر سطح پر اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ وہ ہی قومیں ترقی کرتی ہیں اور دنیا انہیں یاد رکھتی ہے جو مشکلات اور کھٹن حالات سے بھاگنے کے بجائے اس مقابلہ کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ پاک بھارت جنگ ”معرکہ حق“کے دوران پاکستانی قوم نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ وہ ہر مشکل گھڑی میں اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ پوری قوم نے اتحاد، یکجہتی اور حب الوطنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دنیا کو واضح پیغام دیا کہ پاکستانی ایک زندہ اور غیرت مند قوم ہے جو اپنے وطن کی حفاظت کے لئے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اٹھہتر ویں یوم آزادی کے موقع پر جامعہ کراچی کی انتظامی عمارت کے سامنے سبزہ زار پر منعقدہ مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد حمد و نعت پیش کی گئی، ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور شیخ الجامعہ ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے پرچم کشائی کی۔ تقریب میں تمام روئسائے کلیہ جات، رجسٹرار جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر عمران احمد صدیقی، صدور شعبہ جات، مشیر امور طلبہ ڈاکٹر نوشین رضا، اساتذہ، طلبہ اور انتظامی عملے کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ افواجِ پاکستان نے معرکہ حق میں اپنی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور بھرپور عزم کے ساتھ ملک کے ایک ایک انچ کا دفاع کیا اور دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا اور یہ ثابت کیا کہ افواجِ پاکستان نہ صرف ہر خطرے کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں بلکہ پوری قوم کا اعتماد اور مکمل حمایت بھی انکے ساتھ ہے۔پاکستان ایک پر امن ملک ہے، مگر اپنی خودمختاری، سالمیت اور دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ڈاکٹر خالد عراقی نے بتایا کہ پاکستان میں وسائل اور ذہانت کی کمی نہیں اگر ہم بھائی چارے کا مظاہرہ کریں اور سچے دل سے اپنے فرائض منصبی ادا کریں تو پاکستان دنیا بھر میں وہ مقام حاصل کرسکتا ہے جس کا خواب قائد اعظم اور انکے رفقاء کار نے دیکھا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ کراچی ایک عظیم علمی ادارہ ہے اور اس کی ترقی اور وقار کو برقرار رکھنے کے لئے ہم سب کو اپنی ذمہداری ادا کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ، طلبہ، انتظامیہ اور تمام متعلقہ افراد کو ایک دوسرے کیساتھ تعاون کرتے ہوئے ادارے کو مزید آگے بڑھانے کیلئے اپنا اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ بعد ازاں جامعہ کراچی کے میوزک سوسائٹی کی طرف سے تیار کردہ دسواں ملی نغمہ ”اے وطن“ ریلیز کیا گیا اور ایک ڈاکومینٹری پیش کی گئی۔ تقریری اور کوئز مقابلوں کا بھی انعقاد کیا گیا۔ علاوہ ازیں دفتر مشیر امور طلبہ کی ڈرامہ سوسائٹی نے یوم آزادی کی مناسبت سے خصوصی ڈرامہ بھی پیش کیا جس کو حاضرین نے بے حد سراہا۔ تقریب کے اختتام پر مختلف ہم نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں جامعہ کراچی کی نمائندگی اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے تین سو پچاس طلباوطالبات میں میڈلز اور سرٹیفیکٹس تقسیم کئے گئے۔ میڈلز اور اسناد کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جامعہ کراچی کے وائس چانسلر نے کہا کہ طلبہ کی کامیابیاں جامعہ کے علمی معیار اور ہم نصابی ترقی کی عکاس ہیں۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اسی جذبے کے ساتھ مستقبل میں بھی ملک و قوم کا نام روشن کرتے رہیں۔ یہ تقریب جامعہ کراچی کی روایت کا تسلسل ہے جس کے تحت طلبہ کی خوابیدہ صلاحیتوں کو ابھارنے اور ان کی حوصلہ افزائی کے لئے اقدامات کئے جاتے ہیں۔
دریں اثناء جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے جامعہ کراچی کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا اور یوم آزادی کے موقع پر مختلف شعبہ جات میں ہونے والی تقریبات میں شرکت کی، جشن آزادی کا کیک کاٹا اور ان کے جذبے کو سراہا۔
