*جامعہ کراچی میں یوم آزادی کی مرکزی تقریب*
*ہر کسی کو اپنا نظریہ اختیار کرنے کا حق ہے لیکن پاکستان سے بڑا کوئی نظریہ نہیں ہوسکتا۔ وائس چانسلر جامعہ کراچی ڈاکٹر خالد محمود عراقی*
کراچی (رپورٹ : جاوید صدیقی) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ زندہ قوموں کیلئے آزادی کا دن اہم ہوتا ہے اور وہ رسماً یہ دن نہیں مناتے بلکہ خدائے بزرگ و برتر کے حضور سجدہ تشکر ادا کرکے مناتے ہیں۔ ہمیں انفرادی اور من حیث القوم اپنا احتساب کرنے کی ضرورت ہے کہ ہم نے کیا کھویا اور کیا پایا۔ وہ ہی قومیں ترقی کرتی ہیں اور دنیا انہیں یاد رکھتی ہے جو مشکلات اور کھٹن حالات سے بھاگنے کے بجائے اس مقابلہ کرتی ہیں۔ آزادی ایک بہت بڑی نعمت ہے جو بہت کم لوگوں کو نصیب ہوتی ہے۔ ہمارا ملک ہماری شناخت ہے، ہم جہاں کہیں بھی جاتے ہیں ہماری پہچان ہمارے ملک سے ہوتی ہے۔ قائد اعظم محمد علی جناح کے اصول اتحاد، تنظیم اور یقین محکم ہمارے لئے مشعل راہ ہیں اور اسی پر عمل پیرا ہوکر ہی ہم ایک عظیم فلاحی ریاست کا خواب شرمندہ تعبیر کرسکتے ہیں۔ آج کے دن ہمیں اُن شہدا کو خراج عقیدت پیش کرناچاہئے جنہوں نے تحریک پاکستان اور پاکستان کی سالمیت کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ساتتر ویں یوم آزادی کے موقع پر جامعہ کراچی کی انتظامی عمارت کے سامنے سبزہ زار پر منعقدہ مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد حمد و نعت پیش کی گئی، ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور شیخ الجامعہ ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے پرچم کشائی کی۔ تقریب میں تمام روئسائے کلیہ جات، رجسٹرار جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر عبدالوحید، مشیر امور طلبہ ڈاکٹر نوشین رضا، اساتذہ اور انتظامی عملے کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ ہر کسی کو اپنا نظریہ اختیار کرنے کا حق ہے لیکن پاکستان سے بڑا کوئی نظریہ نہیں ہوسکتا۔ ہم ایک آزاد قوم ہیں لیکن کیا ہم ایک آزاد قوم کی ذمہ داریاں پوری کررہے ہیں جس کا خواب قائد اعظم محمد علی جناح نے دیکھا تھا۔ تعلیم کے بغیر قوموں کی ترقی ممکن نہیں اور قائد اعظم محمد علی جناح نے تعلیم کو زندگی اور موت کا مسئلہ قرار دیا لیکن بدقسمتی سے ہم اس کو بھی بھول گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے معاشرے میں منشیات کا استعمال تیزی سے بڑھ رہا ہے اور اب منشیات کی لعنت تعلیمی اداروں تک پہنچ گئی ہے۔ نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانے اور ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل کیلئے منشیات کا خاتمہ ناگزیر ہوچکا ہے۔ اس موقع پر جامعہ کراچی کے دفتر مشیر امور طلبہ کی میوزک سوسائٹی کی طرف سے تیارکردہ آٹھواں ملی نغمہ "ہم ہی تو پاکستان ہیں” بھی ریلیز کیا گیا اور تقریری، کوئز مقابلوں کا بھی انعقاد کیا گیا۔ علاوہ ازیں دفتر مشیر امور طلبہ کی ڈرامہ سوسائٹی نے یوم آزادی کی مناسبت سے خصوصی ڈرامہ بھی پیش کیا جس کو حاضرین نے بیحد سراہا۔ تقریب کے اختتام پر مختلف غیر نصابی سرگرمیوں میں جامعہ کراچی کی نمائندگی اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے تین سو سے زائد طلباوطالبات میں میڈلز اور سرٹیفیکٹس تقسیم کئے گئے۔
دریں اثناء جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے جامعہ کراچی میں واقع گرلز ہاسٹل کا بھی دورہ کیا اور ہاسٹل مقیم ملکی و غیر ملکی طالبات کے ہمراہ جشن آزادی کا کیک کاٹا اور انکے جذبے کو سراہا۔ علاوہ ازیں شیخ الجامعہ نے یوم آزادی کے موقع پر مختلف شعبہ جات میں ہونے والی تقریبات میں بھی شرکت کی۔
