*جامعہ کراچی: سنڈیکیٹ کے خصوصی اجلاس میں ڈاکٹر ذاکرعبدالکریم نائیک کو پی ایچ ڈی کی اعزازی سند دینے کی منظوری*
کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کی زیر صدارت منگل کے روز منعقد ہونے والے سنڈیکیٹ کے خصوصی اجلاس میں ملائیشیا سے آنے والے مبلغ اسلام ڈاکٹر ذاکر عبدالکریم نائیک کو کلیہ معارف اسلامیہ جامعہ کراچی میں ڈاکٹر آف فلاسفی کی اعزازی سند دینے کی منظوری دی گئی۔ سنڈیکیٹ کا خصوصی اجلاس گورنر سندھ محمد کامران خان ٹیسوری کی جانب سے موصول ہونے والے خط کی روشنی میں بلایا گیا تھا۔ گورنر سندھ و چانسلر جامعہ کراچی نے ڈاکٹر ذاکر عبدالکریم نائیک کو پی ایچ ڈی کی اعزازی سند دینے کی سفارش کی تھی۔ قبل ازیں رکن سنڈیکیٹ جامعہ کراچی و رکن قومی اسمبلی شاہدہ رحمانی کی والدہ اور ڈاکٹر اے کیو خان انسٹی ٹیوٹ آف بائیو ٹیکنالوجی اینڈ جینیٹک انجینئرنگ کے گورننگ باڈی کے سابق رکن ڈاکٹر انور نسیم کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی گئی۔
