*جامعہ کراچی: سندھ ایچ ای سی شوکیس 2024 ء میں پروجیکٹس پیش کرنے والے طلباوطالبات کے اعزازمیں تقریب کا انعقاد*
*تخلیقی سوچ اور جدت کے بغیر معاشی اہداف میں بہتری اور ترقی کی دوڑ میں شمولیت ممکن نہیں۔وائس چانسلر جامعہ کراچی ڈاکٹر خالد عراقی*
*ہم خواب چاند پر جانے کے دیکھتے ہیں لیکن عملی طور پر زمین پر رہنے اور چلنے والے کام بھی کرنے کو تیارنہیں۔ڈاکٹر خالد محمودعراقی*
کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ تخلیقی سوچ اور جدت کے بغیر معاشی اہداف میں بہتری اور ترقی کی دوڑ میں شمولیت ممکن نہیں، سائنس و ٹیکنالوجی اور جدت طرازی میں سرمایہ کاری کے بغیر ہم دیگر قوموں کا مقابلہ نہیں کرسکتے اور نہ ہی کسی شعبہ میں خود کفیل نہیں ہوسکتے۔ آج ہم ماحولیاتی تبدیلیوں اور صحت کے مسائل سے دوچار ہیں جبکہ تعلیم ہمارے حکمرانوں کی ترجیحات میں شامل ہی نہیں۔ ہم خواب چاند پر جانے کے دیکھتے ہیں لیکن عملی طور پر زمین پر رہنے اور چلنے والے کام بھی کرنے کو تیارنہیں۔ بحیثیت استاد ہم اپنی ذمہداریوں اور پیشہ سے انصاف نہیں کرتے۔ہمارا شمار دنیا کی بڑی آباد ی رکھنے والے ممالک میں ہوتا ہے لیکن ہم انتہائی کم آبادی رکھنے والے اور چھوٹے چھوٹے ممالک میں کی جانے والی ایجادات سے بھی بہت پیچھے ہیں جو لمحہ فکریہ ہے۔ لگن اور جذبہ کے ساتھ ساتھ اسکلز بھی ناگزیر ہیں کیونکہ صرف لگن اور جذبہ سے ہم اپنے اہداف حاصل نہیں کرسکتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ ایچ ای سی شوکیس 2024 ء میں پروجیکٹس پیش کرنے والے جامعہ کراچی کے طلباوطالبات کے اعزازمیں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کا اہتمام آفس آف ریسرچ اینوویشن اینڈ کمرشلائزیشن جامعہ کراچی کے زیر اہتمام اپلائیڈ اکنامکس ریسرچ سینٹر جامعہ کراچی میں کیا گیا۔ ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ ہمیں تخلیقی سوچ کے حامل طلباوطالبات کی حوصلہ افزائی کرنے کیلئے اس طرح کی تقریبات کے انعقاد کو تواتر کے ساتھ یقینی بنانا چاہیئے۔ میں پروجیکٹس پیش کرنے والے تمام شعبہ جات اور بالخصوص فیکلٹی آف فارمیسی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے سب سے زیادہ پروجیکٹس پیش کئے اور جامعہ کا نام روشن کرنے کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کیا۔ ڈائریکٹر آفس آف ریسرچ اینوویشن اینڈ کمرشلائزیشن جامعہ کراچی ڈاکٹر سیدہ حورالعین نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ تقریب کا انعقاد سندھ ایچ ای سی شوکیس 2024 ء میں پروجیکٹس پیش کرنے والے طلباوطالبات کے اعزاز اور جامعہ میں اختراعی خیالات اور اس کے اشتراک کے کلچر کو فروغ دینے کیلئے کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ جامعہ کراچی کے مختلف شعبہ جات بشمول سینٹرز/ انسٹی ٹیوٹس کی جانب سے سندھ ایچ ای سی شوکیس 2024 ء میں کل 34 پروجیکٹس پیش کئے گئے جس میں سے 18 پروجیکٹس کا اگلے مرحلے کیلئے انتخاب کیا گیا اور ان پروجیکٹس کو عنقریب اسلام آباد میں ہونے والی تقریب میں پیش کیا جائیگا۔ ڈائریکٹر اوریک جامعہ کراچی نے تمام شعبہ جات اور بالخصوص فیکلٹی آف فارمیسی کو سب سے زیادہ پروجیکٹس پیش کرنے پر مبارکباد پیش کی اور انکی کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پر رئیس کلیہ علم الادویہ پروفیسر ڈاکٹر محمد حارث شعیب، رئیس کلیہ علوم پروفیسر ڈاکٹر مسرت جہاں یوسف اور رئیس کلیہ فنون و سماجی علوم جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر شائستہ تبسم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اپنے اپنے کلیہ جات کے پروجیکٹس کے بارے میں شرکاء کو بتایا اور پروجیکٹس پیش کرنے والے طلباوطالبات کے اعزاز میں اس طرح کی تقریبات کے انعقاد کو طلبہ کی حوصلہ افزائی اور تخلیقی سوچ کو فروغ دینے کیلئے ناگزیر قرار دیا۔ تقریب کے اختتام پر پروجیکٹس پیش کرنے والے طلباوطالبات میں بدست شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی شیلڈز اور سرٹیفیکیٹ تقسیم کئے گئے۔
