
*جامعہ کراچی: سانحہ جعفر ایکسپریس کی مذمت اور افواج پاکستان سے اظہاریکجہتی کے لئے انتظامی عمارت تاآزادی چوک ریلی کا انعقاد*
کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) جامعہ کراچی میں گزشتہ روز جعفر ایکسپریس ٹرین پر حملے کی مذمت اور افواج پاکستان سے اظہاریکجہتی کیلئے انتظامی عمارت تا آزادی چوک ریلی کا انعقاد کیا گیا، ریلی کی قیادت جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کی جس میں جامعہ کراچی کے اساتذہ، طلباوطالبات اور ملازمین کی کثیر تعداد میں شرکت کی۔ طلباوطالبات نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اُٹھائے رکھے تھے جس پر پاک فوج زندہ باد اور دہشتگردی نامنظور کے نعرے درج تھے۔ جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسافروں و شہریوں کی باحفاظت بازیابی ہمارے سیکیورٹی اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے جس پر ہم تمام سیکیورٹی اداروں اور بالخصوص افواج پاکستان کو خراج تحسین کرتے ہیں۔ دہشتگردی کے سدباب کیلئے عسکری اداروں کی لازوال قربانیوں کا سلسلہ تواتر کیساتھ جاری ہے۔ پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، دہشتگرد اس طرح کی بزدلانہ کاروائیوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں کرسکتی۔ دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، ہم سب کو دہشتگردی کے خاتمے کیلئے متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ دہشتگردی کے خاتمے اور امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنائے بغیر پاکستان کی معاشی ترقی ممکن نہیں۔ ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ افواج پاکستان اندرونی اور بیرونی سازشوں اور دہشتگردی کا مقابلہ کرنے کیلئے سیسہ پلائی دیوارکی طرح کھڑی ہے۔ ڈاکٹر خالد عراقی وطن کیلئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو پوری قوم خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ ریلی کے اختتام پر سانحہ جعفر ایکسپریس کے شہداء کی بلند درجات اور ملک کی سلامتی و بقاء کیلئے دعا کی گئی۔
