*جامعہ کراچی: زمبابوے کے چھ رکنی وفدکا دورہ، وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمود عراقی سے ملاقات*
کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) زمبابوے کے شعبہ صدارتی و قومی اسکالرشپ، وزارت برائے اعلیٰ تعلیم، وزارت صحت اور سفارت خانے کے چھ رکنی وفد نے گزشتہ روز جامعہ کراچی کا دورہ کیا اور جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی سے وائس چانسلر سیکریٹریٹ جامعہ کراچی میں ملاقات کی۔ اس موقع پر رجسٹرار جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر عبدالوحید، ڈائریکٹر فنانس سید جہانزیب، انچارج اسٹوڈنٹس فنانشل ایڈ آفس پروفیسر ڈاکٹر ذی اسماء حنیف خان، انچارج فارن اسٹوڈنٹس ایڈوائزر ڈاکٹر شمائلہ شفقت علی اور اسٹوڈنٹس ایڈوائزر جامعہ کراچی ڈاکٹر نوشین رضا بھی موجود تھیں۔ شعبہ صدارتی و قومی و اسکالرشپ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر آر مچنگورا نے وائس چانسلر کو بتایا کہ وفد آئندہ چند دنوں میں پاکستان کے چند معروف اعلیٰ تعلیمی اداروں کا دورہ کرے گا اور انہوں نے اپنے دورے کا آغاز جامعہ کراچی سے کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زمبابوے کی حکومت زمبابوے کے نوجوانوں کے لئے نئی منزلیں تلاش کرنے کے لئے کوشاں ہے تاکہ وہ تعلیم کے لئے بیرون ممالک جاسکیں اور واپس آکر اپنے ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے زمبابوے کے طلبہ کو دنیا بھر میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لئے دیئے جانے والے اسکالرشپ کے بارے میں بتایا اور مزید کہا کہ وہ اس پول کو وسعت دینے کے خواہاں ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ طلباء اسکالرشپ پروگرام سے مستفید ہوسکیں۔ پی اینڈ این ایس کے چیف ڈائریکٹر ڈاکٹر ڈبلیو کاچیرے، ڈائریکٹر پی اینڈ این ایس ولیم تارنگا، وزارت برائے اعلیٰ تعلیم کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ڈی موریکاچیرو، وزارت صحت کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر آرماکوٹا، اور زمبابوے کے سفارت خانے کے کونسلر بی چیکوڈزے نے طلباء اور فیکلٹی کے مشترکہ تحقیقی پروگرام کے آغاز کے اور فیکلٹی کے مشترکہ تبادلے کے پروگرام پر تبادلہ خیال کیا۔ دریں اثناء جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی نے وفد کو مکمل تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ جامعہ کراچی زمبابوے کے طلبہ کو مختلف پروگراموں کے ساتھ ساتھ پوسٹ گریجویٹ پروگرام بھی فراہم کرے گی۔
