BBC Urdu TV

جامعہ کراچی: اکیڈمک کونسل کے اجلاس میں ایچ ای سی گریجویٹ/انڈر گریجویٹ پالیسی منظور

*جامعہ کراچی: اکیڈمک کونسل کے اجلاس میں ایچ ای سی گریجویٹ/انڈر گریجویٹ پالیسی منظور*

کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) جامعہ کراچی کی اکیڈمک کونسل کا اجلاس گزشتہ روز زیر صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی منعقد ہوا۔ اجلاس میں میں انڈر گریجویٹ پروگرام کی پالیسی منظور کی گئی۔ اکیڈمک کونسل کی قائم کردہ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں گریجویٹ پالیسی کو بھی منظور کرلیا گیا۔ کمیٹی نے ایچ ای سی پالیسی کے ساتھ چند تجاویز پیش کی تھیں جنہیں منظور کرلیا گیا اور اسکی تفصیلی رپورٹ وائس چانسلر کو پیش کی جائیگی جس کے بعد اسے ایچ ای سی کو ارسال کیا جائے گا۔ دوران اجلاس سینیٹ پاکستان سفارشات کی روشنی میں قرآنی ترجمہ اور سیرت النبیﷺ کورسز کو بھی لازمی کورسز کے طور پر شامل کرنے کی منظوری دی گئی۔ اکیڈمک کونسل نے جامعہ کراچی کے ویژن اور مشن اسٹیٹمنٹ کی نظر ثانی کیلئے پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی جو اکیڈمک کونسل کے آئندہ اجلاس میں اپنی رپورٹ جمع کرائے گی۔ پانچ رکنی کمیٹی کے کنوینر پروفیسر ڈاکٹر اقبال اظہر جبکہ دیگر اراکین میں پروفیسر ڈاکٹر فیاض وید، پروفیسر ڈاکٹر نبیل زبیری، پروفیسر ڈاکٹر بلقیس گل اور پروفیسر ڈاکٹر نورین مجاہد شامل ہیں۔ فورم نے کلیہ فنون و سماجی علوم کے بورڈ آف فیکلٹی اجلاس کی روداد بھی منظور کی۔ اجلاس کے شروع میں جامعہ کراچی کے مرحوم اساتذہ و ملازمین اور ایرانی صدر ابراہیم رئیسی مرحوم، جن کو حال ہی میں پاکستان دورے کے موقع پر جامعہ کراچی نے ڈاکٹریٹ کی اعزازی سند تفویض کی تھی، انکے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ اجلاس نے گزشتہ اکیڈمک کونسل کی رودادوں اور وائس چانسلر کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کی بھی منظوری دی۔

Exit mobile version