تھانہ گلیانہ کے علاقہ میں منشیات فروشی اور ڈکیتی میں ملوث ملزمان کی پولیس پر فائرنگ۔
ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک۔
تفصیلات کے مطابق گجرات پولیس تھانہ گلیانہ کے ملازمین نے معمول کے مطابق گلیانہ عمر ہسپتال کے قریب ناکہ لگایا ہوا تھا کہ بھدر سائیڈ سے ایک مشکوک کار نمبری 8469 LEH آئی ۔جسے روکنے کی کوشش کی گئی توگاڑی میں موجود ملزمان نے گاڑی موڑ کر فرار ہونے کی کوشش کی۔جس سے گاڑی بے قابو ہو کر روڈ سے ملحقہ دکان کے بورڈ سے ٹکرا کر رک گئی۔ چار مسلح ملزمان اندھا دھند فائرنگ کرتے ہوئے گاڑی سے نکل کر فرار ہو گئے۔ فرار ہونے والے ایک ملزم کی شناخت فیصل شہزاد سکنہ ہنج کے نام سے ہوئی۔ پولیس نے بعد ازاں گاڑی کو چیک کیا تو ایک کس اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے مضروب گاڑی میں پسٹل سمیت موجود پایا گیا مزید گاڑی میں سے شراب، آئس اور آئس نشہ کرنے کے لیے آلات بھی برآمد ہوئے۔ مضروب کی شناخت شمریز عرف شانی سکنہ باہروال کے نام سے ہوئی ۔ جسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر وہ بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔ فرار ہونے والا ایک ملزم فیصل منشیات ، اقدام قتل اور ناجائز اسلحہ کے مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہے۔اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والا ملزم شمریز چوری اور ڈکیتی کے مقدمات میں ملوث تھا ۔فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش کے لیے پولیس ٹیموں کا علاقہ میں سرچ آپریشن اور چھاپے جاری ہیں واقعہ کا مقدمہ تھانہ گلیانہ میں درج کیا جا رہا ہے ۔
