تمام سیکیورٹی ادارے چینی شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔وزیر داخلہ
دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ہمیں اپنے محکموں کو جدید ٹیکنولوجی سے آراستہ کرنا ہوگا۔وزیر داخلہ
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پولیس سمیت تمام سیکیورٹی ادارے پاکستان میں چینی شہریوں کے تحفظ کے لیے ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں۔وزیر داخلہ نے کہا کہ چینی شہریوں کی سیکیورٹی کے سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا، غیر ملکی شہریوں کے تحفظ کے لیے ایس او پیز پر عملدرآمد میں غفلت برتنے پر سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہمیں اپنے محکموں کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنا ہوگا، وفاق اس سلسلے میں صوبوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔محسن نقوی نے کہا کہ مشترکہ آپریشن کے ذریعے کچے کے علاقے سے شرپسند عناصر کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ کیا جائے گا۔
