لغت نویسی کے فرائض سر انجام دینے کے ساتھ دیگر علمی، ادبی اور ثقافتی سرگرمیوں میں اردو لغت بورڈ کی شمولیت لائق ستائش ہے۔ سید جمال شاہ
تمام اسلامی ممالک میں پاکستان واحد ملک ہے جس نے تاریخی اصول پر لغت مرتب کی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر
کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن سید جمال شاہ نے گزشتہ روز اردو لغت بورڈ کراچی فیلڈ دفتر ادارہ فروغ قومی زبان کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ادارہ فروغ قومی زبان پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر نے وفاقی وزیر سید جمال شاہ کا استقبال کیا اور ادارے کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔ سید جمال شاہ نے بنیادی وظائف کار کی بجاآوری کے ساتھ ادارے کی علمی، ادبی اور ثقافتی سرگرمیوں میں شمولیت کو سراہا۔ انھوں نے ڈویژن کے ماتحت دیگر اداروں کے باہمی تعاون سے مختلف منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کی حوصلہ افزائی کی۔ ڈائریکٹر جنرل نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ تمام اسلامی ممالک میں پاکستان واحد ملک ہے جس نے تاریخی اصول پر لغت مرتب کی ہے۔ وفاقی وزیر سید جمال شاہ نے ادارے میں موجود پرنٹنگ پریس کا جائزہ لیا اور ادارے کے پاس لغت نویسی کے عمل میں استعمال ہونے والے چودہ لاکھ کارڈز کی شکل میں محفوظ کارپس بھی ملاحظہ کیا۔ روانگی سے قبل وفاقی وزیر سید جمال شاہ نے ادارے کے باغیچے میں اپنے دست مبارک سے پودا بھی لگایا۔
