تعلیمی ایمرجنسی خوش آٸند،2 کروڑ 60 لاکھ بچوں کو سکول بھیجنے کیلٸے عملی اقدامات ضروری:انجینٸر ندیم ممتاز قریشی
ملک میں غربت اور بے روزگاری کی بڑھتی ہوٸی شرح ناخواندگی میں اضافے کی وجہ،حکومت مزدور بچوں کیلٸے وظاٸف مقرر کرے:چٸیرمین
پاکستان میں سکول نہ جانے والے بچوں کی تعداد دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہے،تعلیمی ترقی کیلٸے سرکاری سکولوں کی حالت پر توجہ دینا ہوگی:گفتگو
شرح خواندگی میں اضافے کی باتیں اور دعوے تو شروع دن سے ہوتے آرہے ہیں مگر ہر دور حکومت میں ان پر عملدرآمد کا فقدان رہا،اب جنگی بنیادوں پر آگے بڑھنا ہوگا
چٸیرمین مستقبل پاکستان انجینٸر ندیم ممتاز قریشی نے کہا کہ ملک بھر میں تعلیمی ایمرجنسی خوش آٸند مگر 2 کروڑ 60 لاکھ بچے زبانی کلامی دعوٶں اور وعدوں سے نہیں عملی اقدامات سے سکول جاٸیں گے،غربت اور بے روزگاری کی بڑھتی ہوٸی شرح ناخواندگی میں اضافے کی وجہ بن رہی ہے حکومت کو چاہیے کہ وہ چاٸلڈ لیبر کا خاتمہ کرتے ہوٸے مزدور بچوں کیلٸے وظاٸف مقرر کرے اور سرکاری سکولوں میں بنیادی تعلیمی سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بناٸے تاکہ آٶٹ آف سکول بچوں کی تعداد میں کمی واقع ہو،پاکستان میں سکول نہ جانے والے بچوں کی تعداد دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہے جو کہ لمحہ فکریہ کے مترادف ہے اور حکمران طبقہ سے جنگی بنیادوں پر عملی اقدامات کا تقاضا کررہا ہے۔ان خیالات کا اظہار تعلیمی ایمرجنسی اور محکمہ تعلیم کو درپیش مساٸل کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوٸے کیا۔انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کی ترقی گواہ ہے کہ انہوں نے تعلیم کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنایا تب کہیں وہ جاکر اس مقام پر پہنچے اگر پاکستان بھی ان ممالک کی صف میں شامل ہوناچاہتا ہے تو پھر تعلیم پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔انجینٸر ندیم ممتاز قریشی نے کہا کہ شرح خواندگی میں اضافے کی باتیں اور دعوے تو شروع دن سے ہوتے آرہے ہیں مگر ہر دور میں ان پر عملدرآمد کا فقدان رہا ہے جس کی وجہ سے مطلوبہ نتاٸج حاصل نہیں ہو پا رہے۔
