بھارت مقبوضہ علاقے کی آبادی کی نوعیت اور سیاسی ڈھانچے میں تبدیلی کی کوشش کر رہا ہے۔وزیر اعظم
حق خود ارادیت،اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کا بنیادی اصول ہے۔شہباز شریف کا جموں و کشمیر کے عوام کے یوم حق خود ارادیت پر پیغام
اسلام آباد(نمائندہ ذیشان نجم خان)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق زیراعظم شہباز شریف کی جانب سے جموں و کشمیر کے عوام کے یوم حق خود ارادیت پر پیغام جاری کیا گیا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ 5 جنوری، کشمیریوں کے یومِ حق خود ارادیت کے طور پر منایا جاتا ہے، 1949میں آج کے دن اقوام متحدہ کمیشن برائے ہندوستان اور پاکستان نے تاریخی قرارداد منظور کی، یہ قرارداد جموں و کشمیر میں آزادانہ اور منصفانہ استصواب رائے کی ضمانت دیتی ہے، حق خود ارادیت، اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کا بنیادی اصول ہے۔انہوں نے کہا کہ آج وقت ہے کہ اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری اپنے وعدوں پر عمل کرے، عالمی برادری کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرنے، سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کرنا چاہیے، عالمی برادری کو کشمیری عوام کے بنیادی حقوق اور آزادیوں کی بحالی کا بھی مطالبہ کرنا چاہیے۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بھارت ایسے اقدامات کر رہا ہے جن سے کشمیر کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازع نوعیت کو نقصان پہنچے، بھارت متنازع علاقے کی آبادی کی نوعیت اور سیاسی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے، بھارت کشمیری عوام کو وسیع پیمانے پر منظم طریقے سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نشانہ بنا رہا ہے۔شہباز شریف کے مطابق پاکستان کشمیری عوام کےحق خودارادیت کےحصول کے لیے ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔
