BBC Urdu TV

بوڑھےباپ کےکاندھوں پرجوان بیٹےکا جنازہ ۔ ۔ ۔ ارسل بیگ کا انتقال ہوگیا

تحریر: کاشف شمیم صدیقی

بوڑھے باپ کے کاندھوں پر جوان بیٹے کا جنازہ اُٹھنے کو تیار ہے، تڑپتی سسکتی ماں کو دلاسہ دینے والوں کا تانتا سا بندھا ہے، دوستوں کی آنکھوں میں آئے آنسو تھمنے کا نام نہیں لے رہے، وہ اپنے ارسل کو یاد کررہے ہیں جو نگلیریا سے جاں بحق ہو گیا ہے، جی ہاں، کراچی کے 22 سالہ ارسل بیگ کا انتقال ہو چکا ہے، وہ 27 اکتوبر سے کراچی کے نجی اسپتال میں زیرِ علاج تھا، موت کی وجہ نگلیریا بتائی جا رہی ہے لیکن دل بار بار یہی کہہ رہا ہے کہ ارسل نگلیریا سے جان بحق نہیں ہوا ہے بلکہ اس گلے سڑے نظام کی بھینٹ چڑھا ہے جہاں لوگ زہرآلود پانی پینے پر مجبور ہیں، جہاں سیوریج کا پانی، پینے کے پانی میں شامل ہے، جہاں خوب دھڑلے سے پانی کے نام پر اربوں کی کرپشن ہو رہی ہے اور کوئی پوچھنے گچھنے والا نہیں، آج ارسل اللہ کو پیارا ہوا ہے کل کوئی اوربچہ اپنی جان سے جائے گا، اور پھر پتہ ہے کیا ہوگا؟؟ پھر جناب عالی تعزیتی پیغام آئیں گے، احتیاطی تدبیریں بتائی جائیں گی، خوب اچھا بننے کی کوششیں کی جائیں گی اور دوسری جانب ناانصافی، لوٹ مار اور کرپشن کا بازار بھی خوب گرم رھے گا۔

اس سے پہلے کے دردناک عذاب "خونِ ناحق” پر متعلقہ عہدیداروں اور شخصیات کو اپنی لپیٹ میں لے لے، خدارا کراچی کے اور بچوں کو مرنے سے بچایا جائے، پانی سے متعلق تمام تر معاملات کو ٹھیک کیا جانا انتہائی ضروری ہے، عوام کو صاف ستھرا پانی مہیا کرنا حکومتِ وقت کی ذمے داری ہے، میری وزیرِاعلیٰ سندھ مقبول باقرصاحب سے اپیل ہے کہ وہ معاملے کا نوٹس لیں۔

Exit mobile version