باتسلیمات ضلعی آفیسر اطلاعات حکومت پنجاب، جہلم
محکمہ جنگلات جہلم نے دو ہفتوں میں 5 لاکھ سے زائد پودے لگا دیے
دو ماہ میں 13 لاکھ پودے لگائے جانے کا ہدف ہر صورت حاصل کریں گے، ڈویژنل فاریسٹ آفیسر سدھیر احمد مغل
جہلم(): محکمہ جنگلات جہلم نے 22 فروری سے شروع ہونے والی موسم بہار شجر کاری مہم کے دوران اب تک 5 لاکھ سے زائد پودے لگائے ہیں۔ اس سلسلے میں گزشتہ دو ہفتوں میں ضلع بھر میں شجرکاری کی 20 سرگرمیاں منعقد کی گئیں۔ ڈویژنل فاریسٹ آفیسر سدھیر احمد مغل نے کہا ہے کہ افسروں کی کارکردگی، فیلڈ اسٹاف کی کوششیں قابلِ ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر تقریب کی سرگرمیاں خود مانیٹر کر رہا ہوں۔ سدھیر احمد نے مزید کہا کہ 22 فروری سے 22اپریل تک ضلع جہلم میں 13 لاکھ پودے لگائے جانے کا ہدف ہر صورت حاصل کریں گے۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے دس بلین ٹری سونامی پروگرام کے تحت جہلم کو سرسبز بنانے کی منزل زیادہ دور نہیں، جہلم کا 20 فیصد حصہ جنگلات پر مشتمل ہے، شجرکاری مہم ہدف کی تکمیل کیجانب گامزن ہے۔
بورڈ آف ریونیو نے اہم سنگ میل عبور کر لیا، موضع ریکارڈ کے تمام رجسٹروں کی ڈیجٹلائزیشن مکمل کر لی
اہم ریکارڈ کی آن لائن فراہمی سمیت محکمہ ویب سائٹ بھی فعال ہو گی
جہلم : عوام کو ریونیو کی شفاف اور بلاتاخیر خدمات کی فراہمی کے لیے بورڈ آف ریونیو نے اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ وزیر اعلی پنجاب کی زیر نگرانی سینیر ممبر بورڈ آف ریونیو کی سربراہی میں موضع ریکارڈ کے تمام رجسٹروں کی تاریخ میں پہلی بار ڈیجٹلائزیشن مکمل کر لی گئی۔ اہم ریکارڈ کی آن لائن فراہمی سمیت محکمہ ویب سائٹ بھی فعال ہو گی۔ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے بورڈ آف ریونیو کے ڈیجٹل گرداوری، ڈیجیٹل مساوی، ڈیجیٹل فیلڈ بک، ڈیجیٹل لال کتاب، جھاڑ پیداوار ڈیجیٹائزیشن، تغیرات کاشت ڈیجیٹائزیشن اور روزنامچوں کی مکمل کمپیوٹرائزیشن کے معاملات شامل ہیں۔
رپورٹ:چوہدری عابد حسین بیورو چیف جہلم
