بحریہ ٹاؤن، ڈانس پارٹی میں جھگڑا، فائرنگ، دوشیزہ سمیت 2 افراد شدید زخمی، سنسنی خیز انکشافات
راولپنڈی
عید الاضحیٰ کے تیسرے روز تھانہ ائیرپورٹ کے پوش علاقہ بحریہ ہائٹس فیز ون راولپنڈی کے فلیٹ میں ڈانس پارٹی کے دوران جھگڑے میں فائرنگ سے دوشیزہ سمیت 2 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو مقامی ہسپتال منتقل کرا دیا ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہے۔ ورکشاپی محلہ راولپنڈی کے رہائشی مدعی مقدمہ بلال جاوید نے پولیس تھانہ ائیرپورٹ کو رپورٹ درج کراتے ہوئے بتایا کہ عید الاضحٰی کے تیسرے روز یکم جولائی 2023ء کی رات ساڑھے بارہ بجے میرا بھائی اسامہ شاہ اپنے دوست محمد لیاقت کے ہمراہ بحریہ ٹاؤن فیز سیون کے رہائشی سنی نامی لڑکے کی دعوت پر پارٹی پر گیا۔ جہاں سے وہ بحریہ ہائٹس فیز ون کے فلیٹ نمبر 307 پر گیا جہاں پارٹی کا اہتمام کیا گیا تھا۔ اس پارٹی میں دو لڑکیاں بحریہ ٹاؤن فیز فور کی رہائشی نتاشا اور والٹن روڈ لاہور کی رہائشی نہال سمیت مورگاہ راولپنڈی کا رہائشی سونو بھی موجود تھے۔ پارٹی رات چار بجے ختم ہوئی۔ میرا بھائی اسامہ شاہ اپنے دوست محمد لیاقت کے ہمراہ فلیٹ سے نکلا تو پیچھے سے سونو نے آواز لگائی کہ مجھے بچاؤ ۔ سونو کو سنی مار پیٹ کر رہا تھا۔ میرا بھائی اسامہ شاہ انہیں چھڑانے گیا تو اسی دوران بنی راولپنڈی کے رہائشی علی عرف علی گندا نے فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کی زد میں آکر میرا بھائی اسامہ شاہ اور نہال نامی لڑکی ٹانگوں پر گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوگئے اور وہیں گر پڑے۔ ملزمان سنی اور علی فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہوگئے۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزم سنی اور زخمی ہونے والے نوجوان اسامہ شاہ کے درمیان چند دنوں سے رنجش چلی آرہی تھی۔ وقوعہ کے روز سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ملزم سنی اور اس کے دوست علی گندا نے مل کر دھوکے سے اسامہ شاہ کو پارٹی پر بلایا اور فائرنگ کرکے زخمی کر دیا۔ تاہم پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ جھگڑا لڑکی کے معاملے پر ہوا۔ وقوعہ روز فلیٹ پر ڈانس پارٹی کا اہتمام کیا گیا تھا۔ رات بھر پارٹی میں شریک تمام افراد نشہ میں بدمست رہے۔ رات ساڑھے چار بجے کے قریب ان کے درمیان جھگڑا ہوا اور پھر فائرنگ سے پارٹی میں شریک لڑکی اور لڑکا زخمی ہوگئے۔ فلیٹ سے بیئر کے کین سمیت دیگر نشہ آور اشیاء بھی برآمد ہوئیں۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس وقت بحریہ ٹاؤن عیاشی کے اڈے میں بدل چکا ہے۔ یہ سوسائٹی نہ صرف جرائم پیشہ افراد کے لئے محفوظ ترین علاقہ بن گیا ہے بلکہ یہاں عصمت فروشی، منشیات فروشی، آئیس سمیت دیگر نشہ آور اشیاء کا دھندہ بھی عروج پر پہنچ گیا ہے۔ چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں بھی خوفناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے جبکہ پولیس مبینہ طور پر اپنا حصہ لے کر خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے ۔
رپورٹ : افتخار خٹک سے
