بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافہ عوام پر ظلم کے مترادف ہے:سید راشد حسین بخاری
مستقبل پاکستان اضافے کومسترد کرتے ہوئے واپس لینے کامطالبہ کرتی ہے:گفتگو
ایندھن کی قیمتوں میں کمی کے باوجود بجلی کے ریٹس میں اضافہ سمجھ سے بالا تر ہے:نائب صدر
توانائی بحران کے خاتمے اور قیمتوں میں کمی کیلئے حکومت نجی بجلی گھر کے معاہدوں پر نظر ثانی کرے
نائب صدر مستقبل پاکستان سیدرا شد حسین بخاری کی بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کی مذمت
نائب صدر مستقبل پاکستان سید راشد حسین بخاری نے کہا کہ بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 5روپے 72پیسے فی یونٹ کا اضافہ عوام پر ظلم کے مترادف ہے،قوم کی معاشی حالت اس قابل نہیں ہے کہ وہ مزید بجلی کے جھٹکے برداشت کرسکے،حکومت نے گھریلو صارفین پر جو 2 سو تا 1 ہزار روپے فکس چارجز عائد کئے ہیں اس بارے سوچا بھی ہے کہ مہنگائی کے مارے عوام پر کیا گزرے گی،مستقبل پاکستان بجلی کے بنیادی ٹیرف میں ظالمانہ اضافے کو مسترد کرتے ہوئے حکومت سے اسے واپس لینے کامطالبہ کرتی ہے،ایندھن کی قیمتوں میں 10فیصد تک کمی کے باوجود بجلی کی قیمتوں میں ہونے والا اضافہ سمجھ سے بالا تر ہے اگر حکومت نے عوام کش پالیسیوں کو نہ بدلا تو نہ صرف عوام کو جینا دو بھر ہوکر رہ جائے گا بلکہ خود کشیوں کا رجحان بھی بڑھ جائے تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ حکمران طبقہ عوامی ریلیف کیلئے زبانی کلامی باتوں کی بجائے عملی اقدامات کو یقینی بنائے تاکہ قوم کو معیار زندگی جو ہر گزرتے دن کے ساتھ گرتا جارہا ہے اُس میں اضافہ ممکن ہو۔ان خیالات بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کی پُر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ توانائی بحران کے خاتمے اور قیمتوں میں کمی کیلئے ضروری ہے کہ حکومت نجی بجلی گھر کے معاہدوں پر نظر ثانی کرے اگر ایسا نہ کیا گیا تو عوام اور معیشت پر پڑنے والا بوجھ کم ہونے کی بجائے مزید بڑھ جائے گا۔سید راشد حسین بخاری نے کہا کہ ستم ظریفی تویہ ہے کہ مسائل میں روز بروز کے اضافے کے باوجود حکمران طبقہ عوامی ریلیف کے دعوے کررہا ہے انہیں زمینی حقائق سے ذرا برابر بھی احساس نہیں کہ عوام پر کیا بیت رہی ہے اس کے برعکس اگر انہیں کسی چیز کی پروا ہ ہے تو وہ صرف اور صرف بھری ہوئی تجوریوں اور مزید بھرنے کے اور کچھ نہیں ہے۔
