بجلی کے بل عوام کی ماہانہ آمدن سے زائد آرہے ہیں:انجینئر ندیم ممتاز قریشی
پٹرولیم مصنوعات کی طرح بجلی اور گیس کی قیمتوں میں بھی کمی کی جائے:چیئرمین
ملک میں بڑھتا ہوا سیاسی انتشار معاشی بدحالی کی وجہ،حکمران طبقہ ہوش کے ناخن لے:گفتگو
پاکستان میں مہنگائی اور غربت کی بڑھتی ہوئی شرح نے قوم سے قوت خرید چھین لی ہے:اظہار خیال
پاکستان سے بعد میں آزاد ہونے والے ملک حکمرانوں کی نیک نیتی اور اہلیت کی وجہ سے ترقی کررہے ہیں
چیئر مین مستقبل پاکستان انجینئر ندیم ممتاز قریشی نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی طرح بجلی اور گیس کی قیمتوں میں بھی کمی کی جائے،بجلی و گیس کے بل عوام کی ماہانہ آمدنی سے بھی زیادہ آرہے ہیں جس کی وجہ سے گھریلو جھگڑے اور خودکشیوں کے رجحان میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے،ملک میں بڑھتا ہوا سیاسی انتشار معاشی بدحالی کی بنیادی وجہ ہے حکومت اور اپوزیشن کو چاہیے کہ وہ باہمی اتفاق و اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملکی ترقی اور قومی خوشحالی میں اپنا کردار ادا کریں،پاکستان میں مہنگائی اور غربت کی بڑھتی ہوئی شرح نے نہ صرف قوم سے قوت خرید چھین لیا ہے بلکہ صحت و تعلیم سمیت دیگر ضروریات زندگی کا حصول ان کیلئے خواب بنتا جارہا ہے، حکومت ہرشعبہ زندگی میں عوامی ریلیف کے دعوے تو کررہی ہے مگر یہ سب لفظوں تک محدود ہوکر رہ گئے جن کا حقیقت سے کوئی تعلق یا واسطہ نہیں ہے۔ان خیالات کا اظہار پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور عوام کو درپیش مسائل کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خوشحالی کے بغیر ملکی ترقی اور معاشی بحالی کا خواب کسی طور بھی پورا نہیں ہوپائے گا اس کیلئے حکمران طبقہ کو اپنے شاہانہ اخراجات کو ترک کرتے ہوئے زمینی حقائق کو مد نظر رکھ کر آگے بڑھنا ہوگا ورنہ عوامی مسائل اور پریشانیوں میں اضافے کا سلسلہ اسی طرح برقرار رہے گا۔انجینئر ندیم ممتاز قریشی نے کہا کہ پاکستان سے بعد میں آزاد ہونے والے ملک آج صرف اس وجہ سے ترقی کررہے ہیں کہ وہاں کے حکمرانوں نے ذاتی مفادات کو ایک طرف رکھتے ہوئے قوم اور ملک کے بارے میں سوچا۔
