BBC Urdu TV

بائیڈن کا اسرائیلی وزیراعظم سے غزہ معاہدے کو حتمی شکل دینے پر زور

امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے حوالے سے معاہدے کو تیزی سے حتمی شکل دیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر نے یہ مطالبہ اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو سے ملاقات کے دوران کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جوبائیڈن نے خلا ختم کرنے، جلد از جلد معاہدے کو حتمی شکل دینے، یرغمالیوں کی رہائی اور غزہ تنازع کے پائیدار خاتمے کی ضرورت پر زور دیا۔

یہ بھی پڑھیں: غزہ کی صورتحال پر خاموش نہیں رہیں گے : کملا ہیرس

علاوہ ازیں امریکی نائب صدر کملا ہیرس نے نیتن یاہو سے ملاقات کے دوران غزہ میں انسانی صورتحال پر سنگین تحفظات کا اظہار کیا۔

کملاہیرس نے اسرائیلی وزیر اعظم پر زور دیا کہ وہ جنگ بندی کے معاہدے کیلئے اقدامات کریں اس سے فلسطینی شہریوں کی مشکلات میں آسانی پیدا ہوگی۔

واضح رہے کہ غزہ میں اب تک اسرائیلی بربریت کے نتیجے میں شہداء کی مجموعی تعداد 39 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ 90 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہیں۔

Exit mobile version