BBC Urdu TV

ای-پیمنٹ پر نیا ٹیکس: عوام پر مہنگائی کا ایک اور بوجھ

ای-پیمنٹ پر نیا ٹیکس: عوام پر مہنگائی کا ایک اور بوجھ

(ملک وسیم اختر ) حکومت نے ای-پیمنٹ کے ذریعے سرکاری واجبات اور یوٹیلیٹی بلز کی ادائیگی پر نیا چارج متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت ہر ٹرانزیکشن پر 15 روپے اضافی وصول کیے جائیں گے۔ اس فیصلے سے عوام پر مہنگائی کا مزید بوجھ پڑے گا، جو پہلے ہی معاشی مشکلات کا شکار ہیں۔

نئی پالیسی کے تحت جو شہری اپنے بجلی، گیس، پانی کے بلز یا کسی بھی سرکاری ٹیکس کی ادائیگی آن لائن یا موبائل ایپلیکیشنز کے ذریعے کریں گے، انہیں ہر ٹرانزیکشن پر اضافی 15 روپے ادا کرنا ہوں گے۔ اس اقدام کو "گورنمنٹ پلیٹ فارم چارجز” کا نام دیا گیا ہے، جس کے تحت قومی خزانے میں اضافی آمدن تو ہوگی، مگر عوام کے لیے مزید مشکلات کھڑی ہو جائیں گی۔

شہریوں نے اس فیصلے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے بجائے مزید مالی بوجھ ڈال رہی ہے۔ پہلے ہی مہنگائی، بے روزگاری اور ٹیکسز کی بھرمار نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، اور اب ای-پیمنٹ پر اضافی چارجز لگانے سے ڈیجیٹل ادائیگیوں کی حوصلہ شکنی ہوگی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام نہ صرف عوام بلکہ معیشت کے لیے بھی نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ ای-پیمنٹ کو فروغ دینے کے بجائے اضافی چارجز عائد کرنا ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو متاثر کرے گا اور لوگ دوبارہ روایتی طریقوں سے بلز اور ٹیکسز کی ادائیگی کو ترجیح دیں گے۔

عوامی مطالبہ ہے کہ حکومت اس فیصلے کو فوری طور پر واپس لے اور مہنگائی کے ستائے شہریوں کو کچھ ریلیف فراہم کرے۔ بصورتِ دیگر، عوام میں مزید بے چینی اور مایوسی پیدا ہوگی، جو کسی بھی حکومت کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔

Exit mobile version