BBC Urdu TV

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو جہلم حسان احسن کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا

جہلم(ملک وسیم اختر )ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو جہلم حسان احسن کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر کے مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں محکمہ پولیس، موٹروے پولیس، ٹریفک پولیس، محکمہ جنگلات، ریسکیو 1122، سمال ڈیمز، میونسپل کمیٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان شریک ہوئے۔ اجلاس کے دوران ریسکیو 1122 کی جانب سے موسم گرما میں جنگلات میں لگنے والی ممکنہ آگ کے خدشات اور ان سے نمٹنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر ممکنہ سیلابی صورتحال کے حوالے سے بھی حفاظتی اقدامات پر غور کیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو حسان احسن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنگلات میں آتشزدگی کے واقعات کی روک تھام کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی اور ان وجوہات کا سدباب کرنا ہوگا جو آگ لگنے کا باعث بن سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنگلات ہمارے قیمتی اثاثے ہیں اور ان کا تحفظ ہم سب کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ پری فلڈ انتظامات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سال بارشوں کی کمی کے باعث شدید سیلاب کا کوئی بڑا خطرہ نہیں تاہم تمام ادارے کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال کے لیے اپنی تیاری مکمل رکھیں۔ اجلاس کے اختتام پر ماہ رمضان کے آخری ایام اور عیدالفطر کے موقع پر سیکیورٹی اور انتظامی امور کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

Exit mobile version