این سی ایچ ڈی کے تعاون سے سیو لائف فاؤنڈیشن نفسیات و منشیات ہسپتال پشاور میں ناخواندہ مریضوں کے لیے تعلیمی پروگرام کا آغاز۔
تعلیم انسان کی شخصیت کی تکمیل اور معاشرتی ترقی کیلئے بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔ مقررین کی تقریب سے خطاب
پشاور(نمائندہ خصوصی) گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق صوبائی حکومت خیبرپختونخوا کی قیادت اور نیشنل کمیشن برائے ہیومن ڈویلپمنٹ کے تعاون سے سیو لائف فاؤنڈیشن نفسیات و منشیات ہسپتال پشاور میں ناخواندہ مریضوں کے لیے تعلیمی پروگرام کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس موقع پر ہسپتال میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد ہوا جس میں ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر پشاور جناب قیوم خان، ڈپٹی ڈائریکٹر نیشنل کمیشن ہیومن ڈویلپمنٹ جناب شمس خان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر جناب شاہ جہان، چیئرمین سیو لائف فاؤنڈیشن حکیم خان، ہسپتال کا عملہ اور ڈرگز فری پشاور پروگرام کے تحت زیر علاج مریض شریک ہوئے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معزز مہمانان نے کہا کہ تعلیم انسان کی شخصیت کی تکمیل اور معاشرتی ترقی کے لیے بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔ علاج کے ساتھ ساتھ ناخواندہ مریضوں کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کرنا ایک انقلابی اور مثبت اقدام ہے جو نہ صرف ان کی بحالی میں مددگار ہوگا بلکہ انہیں ایک بہتر اور باوقار زندگی گزارنے کے قابل بھی بنائے گا۔چیئرمین سیو لائف فاؤنڈیشن حکیم خان نے اس موقع پر نیشنل کمیشن ہیومن ڈویلپمنٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام مریضوں کی بحالی کے عمل میں سنگِ میل ثابت ہوگا اور صوبے کی تاریخ میں یہ پہلا ہسپتال ہے جہاں علاج اور نفسیاتی نگہداشت کے ساتھ ساتھ تعلیم کی سہولت بھی فراہم کی جارہی ہے۔تقریب کے اختتام پر مریضوں کو کتابیں اور تعلیمی سامان تقسیم کیا گیا۔ مہمانان نے اس اقدام کو ایک مثالی اور تاریخی پیش رفت قرار دیا جو مستقبل میں دیگر اداروں کے لیے بھی رہنمائی کا باعث بنے گی۔
