کولمبو: پاکستان روایتی حریف بھارت کو شکست دے کر ایمرجنگ ایشیا کپ کا چیمپئن بن گیا، پاکستان شاہینز نے اپنی مخالف ٹیم بھارت اے کو 353 رنز کے تعاقب میں 224 رنز پر ڈھیر کر دیا۔
پاکستان اے اور بھارت اے ٹیم کے درمیان ایمرجنگ ایشیا کپ کا فائنل میچ کولمبو میں کھیلا گیا، بھارتی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں8 وکٹوں کے نقصان پر 352 رنز بنائے۔
پاکستان شاہینوں نے بہترین انداز میں بلے بازی کا آغاز کیا، اوپنر بیٹر صائم ایوب نے 51 گیندوں پر 2 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 59 رنز بنائے جبکہ صاحبزادہ فرحان نے 62 گیندوں پر 65 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
اوپنر بلے بازوں کے بعد طیب طاہر نے بھی کیرئیر کی بہترین اننگز کھیلتے ہوئے سنچری بنا ڈالی، انہوں نے 71 گیندوں پر 4 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 108 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
