BBC Urdu TV

اُردو لغت بورڈ نے اُردو زبان کی ایسی خدمت کی ہے جس کی وجہ سے پوری دنیا

کراچی (بیوروچیف: جاوید صدیقی) اُردو لغت بورڈ نے اُردو زبان کی ایسی خدمت کی ہے جس کی وجہ سے پوری دنیا میں ہمارا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔ انجینئر امیر مقام

اکابر کی محنت اور ادارے کی کارکردگی کی دلیل اُردو لغت (تاریخی اصول پر) کی بائیس جلدوں کی شکل میں ہمارے سامنے موجود ہے۔ ڈاکٹر راشد حمید

تفصیلات کیمطابق اُردو لغت بورڈ، کراچی کی نو تعمیر و تزئین شدہ عمارت کے افتتاحی سلسلے میں مشیر برائے وزیراعظم انجینئر امیر مقام نے اُردو لغت بورڈ، کراچی کا دورہ کیا اور عمارت کا باضابطہ افتتاح بھی کیا۔ اُردو لغت بورڈ، کراچی کی عمارت طویل عرصے سے مرمت کی طلبگار تھی۔ موجودہ حکومت کی زیر نگرانی قریباً ۳۵ برس بعد عمارت کی باقاعدہ تعمیر و تزئینِ نو کا اہتمام کیا گیا جس میں ڈائریکٹر جنرل ادارۂ فروغ قومی زبان کی ذاتی دلچسپی کا خصوصی عمل رہا ھے اور سیکریٹری قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کیجانب سے بھرپور تعاون اور مشیر وزیر اعظم کی حوصلہ افزائی کی بدولت ہی یہ کام مکمل ہوسکا۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر انجینئر امیر مقام نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اُردو لغت بورڈ نے اپنی لغت کے ذریعے قومی زبان کی ایسی خدمت کی ہے کہ پوری دنیا میں اُردو بولنے والوں کا سر فخر سے بلند ہے۔ انھوں نے مزید یہ کہا کہ قومی زبان و ثقافت کے بارے میں وزیراعظم صاحب کی ترجیحات واضح ہیں وہ تمام پاکستانی زبانوں اور پاکستان بھر میں پھیلے ہر خطے کے ثقافتی ورثے کو محفوظ کرنے کے خواہشمند ہیں اسی وژن کے تحت قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کے ماتحت تمام ادارے اپنا کام بھرپور طریقے سے انجام دے رہے ہیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ادارۂ فروغِ قومی زبان ڈاکٹر راشد حمید نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی سرپرستی میں کام کرنے والے اس ادارے کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت تاریخی اصول پر مرتب کردہ بائیس جلدیں ہیں اور اب ادارۂ فروغِ قومی زبان کے فیلڈ دفتر کی حیثیت سے بھی اُردو لغت بورڈ، لغت نویسی کیلئے فعال رہیگا۔ انھوں نے مزید کہا کہ اُردو لغت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے مشیر وزیراعظم اور قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کی سرپرستی اور تعاون کی مدد سے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ مشیر وزیراعظم انجینئر امیر مقام نے پردہ کشائی کے ذریعے باقاعدہ افتتاح کرنے کیساتھ ساتھ ادارے کے باغیچے میں پودا لگایا۔ اس موقع پر کراچی سے تعلق رکھنے والے نامور ادیبوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی جن سے گفتگو کے دوران مشیر وزیراعظم نے قومی زبان اور ثقافتی سرگرمیوں کیلئے مشورے بھی طلب کئے۔

Exit mobile version