BBC Urdu TV

اوورسیز معرکۂ حق کنونشن کا بریشیا کارپیندولو میں شاندار انعقاد

اوورسیز معرکۂ حق کنونشن کا بریشیا کارپیندولو میں شاندار انعقاد

اٹلی(اسٹاف رپورٹ)پاکستان اوورسیز فورم اٹلی و یورپ کے زیرِ اہتمام اوورسیز معرکۂ حق کنونشن کا شاندار اور پرجوش انعقاد 15 نومبر بروز ہفتہ اٹلی کے شہر بریشیا کارپیندولو میں کیا گیا۔ کنونشن میں اٹلی اور یورپ بھر سے پاکستانی کمیونٹی کی ممتاز شخصیات، تنظیمی نمائندگان اور عوام کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی، جس سے یہ اجتماع وطن سے محبت اور قومی یکجہتی کا نمایاں مظہر ثابت ہوا۔ اس موقع پر اسٹیج سیکرٹری کے فرائض ڈائریکٹر پاور پلس نیوز راجہ عبدالغفار نے سر انجام دیے تقریب کے مہمانِ خصوصی بانی و صدر استحکام پاکستان اوورسیز فورم شہزادہ عثمان طاہر اور فورم یورپ کے سینئر رہنما ڈاکٹر اظہر محمود اعوان تھے، اس موقع پر صدر پاکستان مسلم لیگ نون اٹلی چوہدری خالد محمود کھائی ، صدر تحریک کشمیر اٹلی چوہدری بابر وڑائچ اور کونصلر کمونے دی بریشیا ارشد تنویر کدھر کی بھی خصوصی شرکت ہوئی جنہوں نے اپنے خطاب میں اوورسیز پاکستانیوں کے کردار، ذمہ داریوں اور قومی ترقی میں ان کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ اس تاریخی پروگرام کے انعقاد اور انتظامات میں چوہدری محمد افضال گجر، چوہدری شمریز گجر اور ناصر علی مہر نے مرکزی کردار ادا کیا، جن کی کاوشوں کو شرکاء نے خصوصی طور پر سراہا۔کنونشن کے دوران پاکستان کی مسلح افواج کی ملک و قوم کے لیے لازوال خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ شرکاء نے فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر کی جرات مندانہ قیادت، قومی سلامتی کے حوالے سے مضبوط حکمت عملی اور ملکی دفاع کے لیے ان کے مؤثر کردار کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے سراہا۔تقریب میں شریک اوورسیز پاکستانیوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ دنیا کے ہر خطے میں رہتے ہوئے پاکستان کے استحکام، افواجِ پاکستان کی حمایت، قومی یکجہتی اور امن و استحکام کے لیے ہمیشہ متحد رہیں گے۔شرکاء نے باور کرایا کہ بیرونِ ملک بسنے والے پاکستانی نہ صرف اپنے وطن کے نمائندے ہیں بلکہ پاکستان کی مثبت شناخت اور قومی مفادات کے سفیر بھی ہیں۔

Exit mobile version