*انچارج پی ایل بی چوہدری منظوراحمد کی پی آئی اے آفس میں پیپلز یونیٹی کے نومنتخب عہدیداروں سے ملاقات*
*پیپلز یونیٹی نے ن لیگ، ایم کیو ایم اور تحریک انصاف کے اتحاد کو شکست دے کر تاریخ رقم کی ہے*
*پورٹ قاسم اور او جی ڈی سی ایل کے بعدپی آئی اے تیسرا ادارہ ہے جہاں پیپلز پارٹی کی حامی یونین کو کامیابی ملی ہے*
راولپنڈی ( افتخار خٹک ) پی آئی اے ریفرنڈم میں پیپلز یونیٹی کی شاندار کامیابی تنخواہ دار و محنت کش طبقہ کیلئے پیپلز پارٹی کی خدمات اور مزدور حقوق کیلئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ٹھوس موقف کا نتیجہ ہے پیپلز یونٹی نے ن لیگ، ایم کیو ایم اور تحریک انصاف کے اتحاد کو شکست دے کر تاریخ رقم کی ہے اس امر کا اظہار پیپلز لیبر بیورو پاکستان کے انچارج اور پی پی پی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن چوہدری منظور احمد نے گذشتہ روز یہاں مال روڈ پر پی آئی اے یونین آفس میں نومنتخب سی بی اے کے صدر رمضان لغاری، جنرل سیکرٹری سہیل مختار اور دیگر عہدیداروں سے ملاقات میں کیا، پیپلز لیبر بیورو سنٹرل پنجاب کے صدر سید نذر حسین شاہ، نائب صدر محمد اعجاز، صوبائی سیکرٹری اطلاعات سجاد حسین ساجد، ڈپٹی جنرل سیکرٹری راجہ پرویز اختر، سٹی صدر راجہ عبدالمجید، راجہ عمران، آصف رسول کھوکھر، سید ذیشان شاہ، راجہ عمران بگا، افضل جمال قریشی، شیخ محمد عارف، مری بروری ورکرز یونین سی بی اے کے صدر چوہدری محمد سلیم، جنرل سیکرٹری واصف حسین شاہ، میونسپل لیبر یونین کے چیئرمین جاوید احمد،نواز کوہستانی، پیپلز لیبر فیڈریشن پاکستان کے جنرل سیکرٹری طارق چوہدری، پیپلز سپورٹس ونگ پنجاب کے صدر طیب محمود چٹھہ اور پیپلز لائرز فورم پنجاب کے جنرل سیکرٹری ساجد تنولی ایڈووکیٹ سمیت پیپلز یونیٹی کے راجہ محمد رفیق، طارق سرفراز ٹمن، فاروق عباسی، شجاعت شاہ، فیصل کھوکھر، راجہ غلام حسین، سردار ظریف، چوہدری فواد، راجہ ظہراب رفیق، خرم ملک، محمد علی مختار اور دیگر عہدیداران اور کارکنان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ قبل ازیں پی آئی اے آفس پہنچنے پر پیپلز یونیٹی کے عہدیداروں اور کارکنوں نے چوہدری منظور احمد کا پرتپاک استقبال کیا انہیں پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور جیئے بھٹو، جیئے یونیٹی اور وزیراعظم بلاول کے نعروں کی گونج میں انہیں یونین آفس لایا گیا۔ چوہدری منظور احمد، طارق چوہدری، نذر حسین شاہ اور دیگر مزدور راہنماؤں نے پیپلز یونیٹی کی مسلسل چوتھی بار تاریخ ساز فتح پر اسلام آباد بیس کے قائدین رمضان لغاری، سہیل مختار اور ان کی پوری ٹیم کو مبارک باد دی اور پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے چوہدری منظور احمد نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی مزدور دوست جماعت ہے یہی وجہ ہے کہ ملک بھر کے محنت کش ہمیشہ پیپلز پارٹی پر اعتماد کرتے ہیں گذشتہ دو ماہ میں پورٹ قاسم اتھارٹی اور او جی ڈی سی ایل کے بعد پی آئی اے تیسرا ادارہ ہے جہاں پیپلز پارٹی اور پیپلز لیبر بیورو کی حمایت یافتہ یونین کامیاب ہوئی ہے انہوں نے کہا کہ یہ تاریخ آنے والے دنوں میں دیگر اداروں میں بھی دہرائی جائے گی۔
